حکومت کا عمران کے بیرونی سازش کے الزامات پر کمیشن بنانے کا اعلان

حکومت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ان کی حکومت کا تختہ الٹنے کیلئے لگائے جانیوالے بیرونی سازش کے الزامات کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن بنا نے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری کمیشن غیر جانبدار ہوگا جو شفاف طریقے سے ان الزامات کی آزادانہ تحقیقات کرے گا اور کمیشن کی جانب سے جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے بعد وہ لوگ جنھوں نے ملک کو جھوٹی سیاست کے لیے استعمال کیا انھیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا،انکوائری کمیشن کے لیے ایسا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔
انہوں نے کہا سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان سے متعلق بیان پر بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا،یہ بیرونِ ملک سازش کا رونا نہیں یہ گوگی بچاؤ کا ماتم ہے، معاشی دہشتگرد، معاشی بارودی سرنگیں بچھانے والے نالائقی کا ماتم کر رہے ہیں، سازشی ٹولے نے 4 سال ملک کو لوٹا اور عوام کے خلاف سازش کی، اس ٹولے نے 4 سال خزانہ اورتوشہ خانہ لوٹا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے موجودہ حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 4 سال سے ستائی عوام کو 2 ہفتے میں مہنگائی سے ریلیف دیا، آج الحمدللّٰہ یوٹیلٹی اسٹورز کے باہر رمضان میں ایک کلوچینی کے لیے قطاریں نہیں لگیں، آج عوام کو 4 سال کے بعد صرف 2 ہفتوں میں سستا آٹا،چینی اورگھی مل رہا ہے۔
انکا کہنا تھاآج سعودی عرب اور یو اےای سے ملکی ترقی کے لیے کاروباری شراکت داریاں ہو رہی ہیں، عمران صاحب کشکول لے کر دردرکی ٹھوکریں کھاتے رہے، عمران صاحب کا پھیلایا گند اور غلاظت صاف کر رہے ہیں۔
