حکومت کا مریم نواز کے بیرون ملک جانے کی ہر سطح پرمخالفت کافیصلہ

وفاقی حکومت کا مریم نواز کو بیرون ملک جانے سے روکنے کیلئے ہر سطح پر مخالفت کرنے اور تمام اقدامات بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا ہے. وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ حکومت مریم نواز کے بیرون ملک جانے کی مخالفت کرے گی، مریم نواز کو لندن جانے کی اجازت ملی تو سپریم کورٹ سے رجوع کرینگے
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کےاپنے والد نوازشریف کے علاج کے لئے لندن جانے کی اجازت دینے کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ حکومت مریم نواز کے بیرون ملک جانے کی ہر سطح پر مخالفت کرے گی، مریم والد کی تیمارداری کیلئے لندن جانا چاہتی ہیں لیکن قانون میں ایسی کوئی گنجائش موجود نہیں. ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرلاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے بھی دی تو ہم سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے۔
یاد رہے کہ مریم نواز کی جانب سے بار بار کوشش کی گئی ہے کہ وہ کسی طرح اپنے والد اور پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف کے علاج کے سلسلے میں لندن چلی جائیں لیکن ابھی تک ان کے نام کو ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ نوازشریف نے بھی خواہش کا اظہار کیا تھا کہ مریم نواز کے آنے تک وہ آپریشن نہیں کروائیں گے.مریم نواز کے بیرون ملک جانے کی اجازت نہ ملنے پر شریف فیملی کی طرف سے اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ نوازشریف کاآپریشن 13 فروری کو کروایا جائے گا۔ بعد ازاں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی وفاقی حکومت سے مریم نواز کو والد کے علاج کیلئے بیرون ملک بھجوانے کی درخواست کی تھی جبکہ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماوں نے حکومت کی طرف سے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کے اعلانات کو سیاسی انتقام سے تعبیر کرتے ہوئے غیر اخلاقی قرار دیا تھا. دوسری طرف چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھتو نے بھی حکومت سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مریم نواز کو والد کی تیمارداری کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا.
