خاران: سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت خاران کے علاقے لجے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ، بھاری مقدار میں گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا، جبکہ 2 گاڑیاں اور ایک موٹرسائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد خاران اور لجے کے علاقوں میں لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

دریں اثنا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خاران میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف برسرِپیکار بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔

Back to top button