عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ، سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر

عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے میں پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہےکہ جواب دہندگان اور توہین عدالت کے مرتکبین کو شوکاز نوٹس جاری کیےجائیں، مزید یہ کہ عدالت انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم بھی جاری کرے۔
پی ٹی آئی نے عدالت سے استدعا کی کہ جواب دہندگان کو توہین عدالت کا مرتکب قراردے کر قانون کےمطابق سزادی جائے۔
عدالت عظمیٰ سے عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے،درخواست میں عمران خان کا شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں طبی معائنہ کرانے کی استدعا بھی کی گئی۔
سپریم کورٹ سے عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلیے عدالتی افسر تعینات کرنے یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ عدالت نے اس معاملے سے متعلق کیس کی سماعت پہلے ہی 16 ستمبر تک ملتوی کر رکھی ہے۔
کیا عمران کا بھی صدر مرسی کی طرح کھڑکنے کا امکان ہے؟
توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کےبعد سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کہاکہ امید کا محور سپریم کورٹ ہے،قانون کےمطابق فیصلہ ہوگا، جو فیصلہ تھا بڑا واضح تھا کہ عمران خان کا علاج شفا انٹرنیشنل ہونا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ایک جھوٹ بیانیہ بنایاگیا کہ راستے میں رش تھا ایسا کچھ نہیں تھا،ایک گاڑی جس کے اردگرد پولیس کا پہرہ تھا اڈیالہ سے شفا ہسپتال ڈاکٹر فیصل کو لےکے گئے اور وہ قافلہ واپس بھی آیا۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ ایک سوچی سمجھی سپریم کورٹ اور عمران خان کے خلاف سازش تھی،یہ مقدمہ ہم عدالت میں بھی لڑیں گے اور پاکستانی قوم کے ساتھ عدالت کے باہر بھی لڑیں گے۔
