بنگلادیش کا پاکستان، ترکیہ اور سعودیہ کے دفاعی معاہدے میں شمولیت کا عندیہ

بنگلادیش نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مشترکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت کا اشارہ دے دیا۔
بنگلادیش کی خبر ایجنسی کے مطابق بنگلادیشی وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے انٹرویو دیتےہوئے کہاکہ بنگلادیش سعودی عرب،پاکستان اور ترکیے کے اقتصادی یا دفاعی فریم ورک میں شمولیت کے امکان پر مثبت رویہ رکھتا ہے۔
مشیر برائے خارجہ ہمایوں کبیر کا کہنا تھاکہ اس معاملے میں بنگلادیش قومی مفادات،عالمی معیشت اور تجارت میں بدلتی صورت حال کو مدنظر رکھےگا، پاکستان کے ساتھ معمول کی سفارتی سرگرمیوں کے تحت دوطرفہ عملی تعلقات مضبوط بنارہے ہیں۔
ہمایوں کبیر نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تجارت اور دونوں ممالک کے عوامی روابط بڑھانے کےلیے کام کررہے ہیں۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد کی دعوت پر وزیراعظم طارق رحمان جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
