خواتین ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں ثناءمیرشامل نہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی خواتین ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں سابق کپتان ثنا میر کو شامل نہیں کیا گیا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسکواڈ کا انتخاب بین الاقوامی اورڈومیسٹک کرکٹ میں خواتین کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔
عروج ممتاز کی سربراہی میں مرینہ اقبال اوراسماویہ اقبال پرمشتمل تین رکنی سلیکشن کمیٹی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف گزشتہ سیریزمیں حصہ لینےوالی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔انگلینڈ کےخلاف سیریزکھیلنے والی ناہیدہ خان،رامین شمیم اورعائشہ ظفرکی جگہ منیبہ علی،عائشہ نسیم اورایمن انورکومیگا ایونٹ کےلیے15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کوانگلینڈ کے خلاف سیریزمیں2-3سےشکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی پاکستانی ٹیم کی قیادت بسمہ معروف کریں گی اوردیگرکھلاڑیوں کےنام درج ذیل ہیں: بسمہ معروف(کپتان)،ایمن انور،عالیہ ریاض،انعم امین، ائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا،ارم جاوید،جویریہ خان،منیبہ علی، ندا ڈار،عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نوازوکٹ کیپراورسیدہ عروب شاہ
ٹیم انتظامیہ میں سید اقبال امام ہیڈ کوچ، سلیم جعفر باؤلنگ کوچ، عامراقبال فیلڈنگ کوچ، جمال حسین اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ، ڈاکٹر رفعت اصغر گل فزیو، عائشہ جلیل منیجر اور زبیر احمد بطور اینالسٹ شامل ہیں۔ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ 21 فروری سے 8 مارچ 2020 تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا جس کے لیے قومی ٹیم کا 8 روزہ تربیتی کیمپ 23 جنوری سے 30 جنوری تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں لگے اور ٹیم 31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگی۔قومی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کے باقاعدہ آغازسے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف تین وارم اپ میچ کھیلے گی جو7 فروری، 9فروری اور 11 فروری کو کھیلےجائیں گے۔
‘ثنا میر کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی’
ویمنز سلیکشن کمیٹی کی سربراہ عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کےلیےاسکواڈ کی تشکیل آسان مرحلہ نہیں تھا، اسکواڈ کا انتخاب خواتین کھلاڑیوں کی بین الاقومی اور قومی کرکٹ میں حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکواڈ میں منتخب نہ ہونے والی کرکٹرز دلبرداشتہ ہونےکے بجائےمزید محنت کرکے ایک بارھر ٹیم میں واپس آسکتی ہیں۔عروج ممتاز نے کہا کہ سلیکٹرزنےبنگلہ دیش کے خلاف سیریزسےلے کراب تک قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی مستقل رکن اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹرزکواسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ میگا ایونٹ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کرتے وقت آسٹریلیا کی کنڈیشنزکومدنظررکھا گیا۔سلیکشن کمیٹی کی سربراہ کا کہنا تھا کہ ثنا میر کی عدم موجودگی کےباوجود قومی خواتین اسکواڈ میں تجربہ کارکھلاڑی موجود ہیں۔سابق کپتان کےحوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شان دار اندازمیں پاکستان کی خدمت کرنےوالی ثنا میرملک میں موجود کئی خواتین کرکٹرزکےلیے آئیڈیل کی حیثیت رکھتی ہیں لیکن بدقسمتی سے ثنا میر کی حالیہ کارکردگی متاثرکن نہیں رہی۔
‘ثنا میر کو ٹیم میں شامل کرنے کی خواہش مند تھی’
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا ہم طویل مشاورت کےبعدآئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے ایک بہترین اسکواڈ تشکیل دینےمیں کامیاب ہوئے جبکہ ثنا میر کو میگا ایونٹ کے لیے شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ میں ثنا میرکی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں شمولیت کی خواہش مند تھی اور اس حوالے سے سلیکشن کمیٹی اور ان میں طویل مشاورت ہوئی۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان نے کہا کہ ہمیں ثنا میر اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنےوالی ابھرتی ہوئی کرکٹرزمیں سے کسی ایک کوچننا تھا لیکن اس سلسلے میں اکثریتی فیصلے کا احترام کرتی ہوں۔
انہوں امید کا اظہارکیا کہ ثنا میراسی جوش وجذبے کےساتھ مستقبل میں بھی پاکستان ویمنزکرکٹ کی خدمت کرتی رہیں گی۔خیال رہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ بی میں شامل ہے جہاں دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 26 فروری کوویسٹ انڈیزکے خلاف کھیلے گا۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم 28 فروری کوانگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کےخلاف میدان میں اترے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button