جدہ میں سٹیڈیم کی تعمیر ، پی سی بی اور سعودی کرکٹ فیڈریشن میں ایم او یو پر دستخط

سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے جدہ میں جدید سٹیڈیم کی تعمیر،کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کےلیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور ترقی کےلیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کردیے گئے جس کے تحت جدہ میں ایک جدید بین الاقوامی معیار کا کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کیا جائےگا۔
معاہدے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے دستخط کیے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔دونوں ممالک ایسی شراکت داری قائم کررہے ہیں جو نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاک سعودی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائے گی۔
معاہدے کے تحت جدید اور مربوط کرکٹ انفراسٹرکچر کی تعمیر کے علاوہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ،نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائےگی۔
پی سی بی اجلاس، قومی اور ڈومیسٹک کرکٹرز کےلیے مالی مراعات میں اضافے کی منظوری
چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کا کہنا تھا کہ پاک سعودی شراکت داری صرف کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ منصوبہ مملکت میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
