خواتین گالف ٹورنامنٹ، ڈینش گالفر نے جیت لیا

اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب میں ایک ہی مہینے میں ہونے والا دوسرا خواتین کا گالف ٹورنامنٹ بھی یورپی ملک ڈنمارک کی 24 سالہ گالفر ایملی کرسٹائن پڈرسن نے جیت لیا۔
ایملی کرسٹائن پڈرسن نے اس سے قبل ہونے والے سعودی عرب کے پہلے گالف ٹورنمانٹ کو بھی جیتا تھا۔ ایملی کرسٹائن پڈرسن نے 17 سے نومبر 19 نومبر تک جاری رہنے والا دوسرا گالف ٹورنامنٹ بھی اپنے نام کیا۔ 24 سالہ گالفر نے دوسرے ٹورنامنٹ میں نہ صرف تنہا کھیلے جانے والے کھیل میں فتح حاصل کی بلکہ انہوں نے ٹیم کی صورت میں کھیلے جانے والا مقابلہ بھی جیت کر نئی تاریخ رقم کی۔ اس سے قبل 12 سے 15 نومبر تک ہی سعودی عرب میں ہونے والے پہلے گالف ٹورنامنٹ میں بھی ایملی کرسٹائن پڈرسن نے فتح حاصل کی تھی۔ دونوں ٹورنامنٹس میں فاتحین کو مجموعی طور پر 15 لاکھ کی رقم دی گئی، جس میں سے زیادہ تر رقم 24 سالہ ایملی کرسٹائن پڈرسن نے جیتی۔ انہیں مجموعی طور پر جیت کے 2 انعامات تنہا دیے گئے جب کہ انہیں جیت کا ایک انعام اسکاٹ لینڈ اور جنوبی افریقین گالفرز کے ساتھ دیا گیا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ سعودی عرب نے خواتین کے کسی بھی اسپورٹس فیسٹیول کی میزبانی کی تھی. دونوں گالف ٹورنامنٹس میں کھلاڑیوں کو مختصر لباس پہننے کی اجازت نہیں تھی اور تمام خواتین کھلاڑیوں نے مکمل پینٹ کے ساتھ ٹی شرٹ پہنی۔ اسی طرح شائقین پر بھی مختصر لباس پہننے کی پابندی تھی، البتہ کسی بھی خاتون کو حجاب یا برقع پہننے یا نہ پہننے کا حق حاصل تھا اور زیادہ تر خواتین حجاب کے بغیر ہی ٹورنامنٹ میں شریک ہوئیں۔ سعودی عرب میں خواتین کے دونوں کامیاب گالف ٹورنامنٹس پر دنیا بھر میں اسلامی ملک کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
