پی سی بی اور خلیف ٹیکنالوجیز کی راہیں جدا

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے کنٹرکٹ کی خلاف ورزیوں پر پاکستان سپر لیگ کا ایک اور معاہدہ ختم کرتے ہوئے کے ڈبلیو ایم ٹی آر فینٹسی اور کلپ رائٹس سے راہیں جدا کر لی ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ متعلقہ کمپنی کو معاہدے کی تعمیل کے حوالے سے کئی مرتبہ یاد دہانی کرانے کے باوجود مسلسل خلاف ورزی پر منسوخ کیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے لیے 2019 میں خلیف ٹیکنالوجیز کے ساتھ 3سال کے لیے معاہدہ کیا تھا جس کے مطابق وائرلیس موبائل ٹیکنالوجی اور ایس ایم ایس رائٹس، ڈیجیٹل کلپ، فینٹیسی لیگ پلیٹ فارم اور ایپ رائٹس خلیف ٹیکنالوجیز کو دیے گئے تھے۔ تاہم طے شدہ معاہدے کی متعدد مرتبہ خلاف ورزیاں کی گئیں جس میں ادائیگیاں نہ ہونا، سیکیورٹی کی ادائیگی اور انشورنس کی ادائیگیاں شامل ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدہ منسوخ کردیا ہے البتہ بورڈ خلیف ٹیکنالوجیز کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے اور یہ صرف معاوضوں کی وصولی، ہونے والے نقصانات اور معاہدے تک محدود نہیں ہو گا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سال ستمبر میں ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای سے معاہدہ منسوخ کردیا تھا ، کمپنی پی ایس ایل کو بین الاقوامی ڈیجیٹل میڈیا رائٹس تقسیم کررہی تھی، ٹیک فرنٹ کو 2021 تک حقوق دیے گئے تھے۔ دلچسپ امر یہ کہ پی سی بی کو ادائیگی کے معاملات پر ٹیک فرنٹ سے بھی یہی شکایات تھیں، اس سب سے معاہدے کے حوالے سے پی سی بی کے طریقہ کار پر سوالات اٹھتے ہیں کیونکہ اس اعلیٰ سطح پر رقم کی ادائیگی کے مسائل عموماً نہیں دیکھے گئے۔ڑ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button