خیبر پختونخوا حکومت، گورنر راج لگانے کی تمام شرائط پر پورا اترتی ہے: رانا ثناء اللہ
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا آپشن موجود ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کا آپشن موجود ہے، تاہم اس پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت آئینی طور پر کسی بھی صوبے میں جن وجوہات کی بنیاد پر گورنر راج نافذ کرسکتی ہے، خیبر پختونخوا حکومت ان تمام شرائط پر پورا اترتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا آپشن موجود ہے اور یہ فیصلہ مستقبل میں کیا بھی جاسکتا ہے، کیونکہ ان کے مطابق صوبائی حکومت آئین اور قانون کے مطابق نہیں چلائی جا رہی۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں احتجاج کے معاملے کو مستقل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ پالیسی کا حصہ ہے اور کسی کو احتجاج کے لیے اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
