خیبر پختونخوا: سرکاری اسکول 15 ستمبر سے کھولنے کی تیاری مکمل

خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری اسکول 15 ستمبر سے کھولنے کی تیاری مکمل کر لی۔ ڈائریکٹر ایجوکیشن ابراہیم نے کہا کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے پیش نظر ایس او پیز کے تحت عارضی طور پر اسکولز 15 ستمبر سے کھولے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 16 اگست کو صوبائی حکومت نے داخلوں اور دیگر انتظامی معاملات نبھانے کےلیے 17 اگست سے کالجوں کو ایس اوپیز کے تحت کھولنے کی اجازت دے دی تھی۔
اس ضمن میں ڈائریکٹوریٹ آف ہائرایجوکیشن کا کہنا تھا کہ پرنسپل اور 5 اساتذہ کو ہفتے بھر کام کرنے کی اجازت ہوگی اور اسی طرح ہوسٹلز، دفاتر اور کلاس رومز میں روزانہ دو مرتبہ اسپرے کیا جائے گا۔ اسکولوں سے متعلق محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 15 ستمبر سے کھلنے والے اسکولوں میں سختی کے ساتھ ایس او پیز پر عمل کیا جائےگا جب کہ اسکولوں میں ہاتھ دھونے کے لیے صابن کی فراہمی لازمی ہوگی۔ انتظامیہ نے اسکولوں میں سیناٹائزر اور ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا۔
اعلامیہ کے مطابق کورونا وائرس سے کے عدم پھیلاؤ کے لیے اسکولوں میں جراثیم کش مواد بھی فراہم کیا جائے اور منتخب اسٹاف کو ایس او پیز کی ٹریننگ دی گئی ہے۔ اس ضمن ڈاائریکٹر ایجوکیشن ابراہیم نے بتایا کہ 7 اضلاع کوہاٹ، ہری پور، بنوں سمیت دیگر اضلاع کے اساتذہ نے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی تربیت حاصل کرلی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم نے اسکولوں کےلیے ایس اوپیز جاری کردیے تھے جس کے تحت صوبے بھر میں اسکولوں کے گیٹ پر بخار چیک کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 37.3 سنٹی گریڈ سے زیادہ ٹمپریچر والے طلبہ اور اساتذہ کو اسکول داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ طلبہ اور اساتذہ کےلیے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ اسکول میں سماجی فاصلے رکھا اور اسمبلی لگانے سے اجتناب کیا جائےگا۔ محکمہ تعلیم کے مطابق کورونا کی علامات والے طلبہ یا اساتذہ کو 7دن چھٹی دی جائے گی اور اگر طلبہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تو پوری کلاس کو 14 دن کے لیے چھٹی دی جائے گی۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں پھیلنے والی عالمی وبا کورونا وائرس پاکستان میں اب بہت حد تک بے اثر ہورہی ہے اور یومیہ کیسز اور اموات میں کمی کے بعد ملک میں صورت حال بہتر ہوگئی ہے۔ ملک میں کیسز کی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 711 ہے جس میں سے تقریباً 95 فیصد یعنی 2 لاکھ 78 ہزار 425 صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 6 ہزار 255 کا انتقال ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button