دنیا کا کون سا ملک ایک دن کے کراۓ پر دستیاب ہے؟

دنیا کے 195 ممالک میں سے ایک ملک ایسا بھی ہے جو ایک دن کے لئے کراۓ پر لیا جاسکتا اور کرایہ دار وہاں اپنے کرنسی نوٹ بھی جاری کر سکتا ہے ، اس ملک کی نہ اپنی فوج ہے نہ پولیس نہ جیل اور نہ ہی جج . لکٹن سٹائن (Liechtenstein) سوئٹزر لینڈ کے اندر ایک چھوٹا سا آزاد ملک ہے‘ آبادی 38 ہزار ہے‘ رقبہ اسلام آباد سے بھی کم ہے اور اس کے دارالحکومت ودوز (Vaduz) میں صرف ساڑھے پانچ ہزار لوگ رہتے ہیں۔
یہ دنیا کا چھٹا مختصر ترین اور امیرترین ملک ہے‘ ایک سرحد سوئٹزر لینڈ‘ دوسری جرمنی اور تیسری آسٹریا سے ملتی ہے‘ ملک میں فوج‘ نیوی اور ائیرفورس نہیں‘ پولیس نہ ہونے کے برابر ہے‘ جیل بھی نہیں ہے‘ اگر جرم ہو جائے تو وکیل‘ جج اور عدالت کا بندوبست دوسرے ملکوں سے کیا جاتا ہے‘ مجرم کو جیل کے لیے بھی سوئٹزرلینڈ یا آسٹریا بھجوانا پڑتا ہے۔
پولیس فورس بھی آسٹریا سے ادھار لی جاتی ہے اور حکومت باقاعدہ اس کے سروس چارجز ادا کرتی ہے لیکن اس کے باوجود یہ مختصر سا ملک بھی ٹھیک ٹھاک امیر ہے‘ فی کس آمدنی ایک لاکھ 80ہزار ڈالرہے اور لوگ انتہائی مطمئن اور خوش ہیں۔
یہ لوگ مصنوعی دانتوں ‘ڈرل مشینوں اور کرسٹل کے زیورات بنانے میں پوری دنیا میں سب سے بڑھ کر ہیں‘ لکٹن اسٹائن پوری دنیا کو مصنوعی دانت اور دانتوں کی ٹیکنالوجی فراہم کرتا ہے چناں چہ آپ دنیا کے کسی بھی ملک سے مہنگے مصنوعی دانت لگوا لیں ان کے پیکٹ پر میڈ اِن لکٹن اسٹائن لکھا ہو گا‘ دنیا کے 20 فیصد مصنوعی دانت اس چھوٹے سے ملک میں بنتے ہیں۔ لوگ یہاں گلیوں میں پھرنا اور شور شرابا پسند نہیں کرتے‘ لنچ کے وقت اور ڈنر کے ٹائم ٹریفک بھی بند ہو جاتی ہے‘ کھانے کے وقت کسی کو ڈسٹرب کرنا گناہ سمجھتے ہیں . ملک میں بادشاہت ہے۔بادشاہ ’’دی پرنس‘‘ کہلاتا ہے‘ شہر کا قلعہ بڑا‘ خوب صورت اور مرکزی بلڈنگ ہے‘ شاہی خاندان آج بھی اسی قلعے میں رہتا ہے چناں چہ قلعے کے اندر جانا منع ہے لیکن قلعے کے سامنے تصاویر بنائی جا سکتی ہیں‘ یہ دنیا کا واحد ملک ہے جسے آپ کرائے پر بھی لے سکتے ہیں‘ آپ 70 ہزار یورو ادا کر کے ایک دن کے لیے اس ملک کے صدر بھی بن سکتے ہیں۔ ساری سڑکیں اور گلیاں اپنے نام کر سکتے ہیں اور اپنا کرنسی نوٹ بھی جاری کر سکتے ہیں‘ آپ 70 ہزار یوروز ادا کر کے ملک کرائے پر بھی لے سکتے ہیں اور اس کے بعد جو چاہیں کریں لیکن آپ کی وجہ سے عام لوگ ڈسٹرب نہیں ہونے چاہییں‘ افرادی قوت کی بہت کمی ہے‘ ملک میں 32 ہزار ملازمتیں ہیں‘ کام کے لوگ 16 ہزار ہیں لہٰذا باقی 16 ہزار آسٹرین اور سوئس ہیں‘ صبح آتے ہیں اور شام کو واپس چلے جاتے ہیں‘‘ دانتوں کے کلینکس اور نقلی دانتوں کی دکانیں زیادہ ہیں‘ آپ اپنی پسند کے دانت یہاں سے خرید سکتے ہیں‘ دانت آرڈر پر بھی تیار ہوتے ہیں‘ ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے اداکار اور اداکارائیں اپنے لیے دانت یہاں سے پسند کرتے ہیں۔ لکٹن سٹائن ٹیکس فری ملک ہے لہٰذا بینک تگڑے ہیں‘ دوسرے ملک کے شہری یہاں پراپرٹی نہیں خرید سکتا‘ کام کرنے والے غیر ملکی بھی یہاں رات نہیں گزار سکتے‘ یہ صبح آتے ہیں اور شام کے بعد سرحد پار کر جاتے ہیں۔
