کیا اداکار ہارون کادوانی، اداکار فیروز خان کو کاپی کرتے ہیں؟

معروف اداکار ہارون کادوانی نے اداکار فیروز خان سے موازنے کو سمجھ سے باہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیروز خان کی اپنی شناخت ہے جبکہ میری اپنی پہچان ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر شائقین کی جانب سے فیروز خان اور ہارون کادوانی کا موازنہ کیا جاتا رہا ہے، کئی صارفین کا ماننا ہے کہ ہارون کادوانی فیروز خان کی کاپی لگتے ہیں، کئی لوگوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ہارون کادوانی فیروز خان کی اداکاری کی نقل کر رہے ہیں۔
اداکار ہارون کادوانی نے اپنے والد اور نامور پروڈیوسر عبداللہ کادوانی کے ہمراہ صحافی ملیحہ رحمٰن کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، اور کہا کہ میرا فیروز خان سے موازنہ کرنا سمجھ سے باہر ہے، بُرا یا اچھا یا غیر منصفانہ لگنے کی بات نہیں ہے کیونکہ فیروز خان پہلے ہی بہت مشہور ہیں، وہ بہترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، یہ مقام حاصل کرنے کے لیے بہت محنت کی ہے اور میرا اپنی زندگی کا نظریہ بہت مختلف رہا ہے۔
اداکار نے کہا کہ یہ سوچ لینا کہ میں کسی کی جگہ لے لوں گا، یہ بہت خودغرضی والی سوچ ہے، کوئی بھی مثبت آدمی اس طرح کی سوچ نہیں رکھ سکتا، بلکہ میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ سب کو کامیابی دے، جتنے لوگ بھی محنت کر رہے ہیں، ان کو اس کا صلہ ملے، عزت دینے والی ذات اللہ کی ہے۔
ہارون کادوانی نے گزشتہ سال کنزہ ہاشمی کے ساتھ ایک ٹیلی فلم ’’روپوش‘‘ میں کام کیا تھا جس کے بعد انہوں نے کافی پزیرائی سمیٹی، تاہم حال ہی میں ان کا ڈراما ’جھوم‘ نشر ہو رہا ہے جہاں وہ زارا نور عباس کے ساتھ رومانوی کردار ادا کر رہے ہیں۔
پوڈکاسٹ کے دوران عبداللہ کادوانی نے ڈراما سیریل ’تیرے بن‘ پر ہونے والی تنقید کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ تنقید اگر اچھی ہو تو ہم اس کے ساتھ جڑنا چاہتے ہیں، لیکن اگر کہیں بحث ہو رہی ہو تو میں اس کے ساتھ نہیں جڑ سکتا، عبداللہ کادوانی نے بتایا کہ ہم بہت زیادہ دباؤ والا کام کرتے ہیں، ہم انٹرٹینمنٹ میں اتنا دباؤ لیتے ہیں کہ شاید خبروں میں بھی اتنا دباؤ نہیں ہوتا ہوگا۔
ڈراما سیریل ’’تیرے بن‘‘ کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی نے کہا کہ ہم نے نہیں سوچا تھا کہ تیرے بن اتنا سُپر ہٹ ہوگا، ڈاکٹرز، انجینئرز، پائلٹ ہر شعبے سے منسلک ہونے والے لوگ، اور سکول کے بچے بھی تیرے بن کو دیکھنا چاہتے ہیں، پسند کرتے ہیں اور اس ڈرامے کے بارے میں بات کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ ’تیرے بن‘ کو جیو ٹی وی پر دسمبر 2022 سے پیش کیا جا رہا ہے، جو پاکستان سمیت بھارت، بنگلادیش، سری لنکا اور دیگر ممالک میں ٹاپ ٹرینڈنگ پر رہا ہے، ڈرامے میں ازدواجی ریپ دکھانے پر پروڈیوسرز اور اداکاروں کو شدید تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا، ڈرامے میں مرکزی کردار یمنیٰ زیدی اور وہاج علی نے نبھایا ہے جبکہ دیگر اداکاروں میں بشریٰ انصاری اور حرا سومرو، سبینہ فاروق، فضیلہ قاضی اور فرحان علی آغا سمیت دیگر شامل ہیں۔
