دوہری شہریت: فیصل واڈا 27 فروری کوالیکشن کمیشن میں طلب

الیکشن کمیشن نے انتخابات میں دوہری شہریت چھپانے پر فیصل واڈا کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پرتحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کو 27 فروری کو طلب کر لیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست پر حتمی فیصلے آنے تک وفاقی وزیر کی رکنیت معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی ہے.
چیف الیکشن کمشنر جلال سکندر سلطان کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے فیصل واوڈا کیخلاف درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے فیصل واوڈا کے امریکی اور پاکستانی پاسپورٹس کی نقول اور امریکی قونصلیٹ سرٹیفیکیٹ کی نقل پیش کی گئی۔ چیف الیکشن کمشنرجلال سکندر نے کہا کہ کیا آپ نقول اور اخباری تراشوں پر انحصار کرینگے یا تصدیق شدہ نقل بھی فراہم کرینگے، درخواست گزار نے کہا کہ آئندہ سماعت پر تصدیق شدہ نقول فراہم کر دینگے۔
درخواست گزار کے وکیل نے فیصلہ آنے تک فیصل واوڈا کی رکنیت معطلی کی استدعا کی جس پر ممبر الیکشن کمیشن الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ ایسی پہلے کوئی مثال موجود نہیں، فیصل واوڈا کو بھی سنا جائے گا۔ ممبر ارشاد قیصر کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کرنے پر آرٹیکل 62 کا اطلاق ہوتا ہے، دیکھنا ہوگا امریکی شہریت کب چھوڑی گئی ؟ الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کی درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔
خیال رہے کہ عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی کے وقت وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا دوہری شہریت کے حامل تھے۔ فیصل واڈا نے اپنے کاغذات نامزدگی 11 جون 2018 کو جمع کروائے، جو الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک ہفتے بعد 18 جون کو منظور ہوئے۔ تاہم اس معاملے کے 4 روز بعد پی ٹی آئی ایم این اے نے کراچی میں امریکی قونصلیٹ میں اپنی شہریت کی تنسیخ کے لیے درخواست دی تھی۔
واضح رہے کہ قانون کے مطابق دوہری شہریت کے حامل فرد کو اس وقت تک الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں جب تک وہ دوسری شہریت ترک نہیں کردیتے۔ اسی معاملے میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2018 میں 2 قانون سازوں ہارون اختر اور سعدیہ عباسی کو الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے وقت دوہری شہریت پر نااہل کردیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button