دپیکا پڈوکون اور رنویرسنگھ میں علیحدگی کی خبریں گرم


معروف بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون کے مداح اداکارہ کے ہسپتال میں داخل ہونے سے پہلے ہی پریشانی میں مبتلا تھے لیکن اب دپیکا اور رنویر سنگھ میں اختلافات اور علیحدگی کی خبروں نے صورتحال کو مزید افسردہ کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے درمیان اختلافات کی خبریں تب وائرل ہوئیں جبکہ ایک ٹوئٹر صارف نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ جوڑے کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ عمیر سندھو نے 27 ستمبر کو اپنی مختصر ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں، یہ ٹوئٹ وائرل ہوگئی جس کے بعد اس جوڑے کے مداح پریشان ہوگئے اور انہوں نے دعائیں کرنا شروع کر دیں کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے درمیان سب کچھ ٹھیک رہے۔ شوبز ویب سائٹ بالی ووڈ لائف نے بتایا ہے کہ علیحدگی اور اختلافات کی خبریں وائرل ہونے کے بعد رنویر سنگھ نے ایک تقریب میں دپیکا پڈوکون سے اپنے تعلقات کو بدستور رومانوی اور مضبوط قرار دیتے ہوئے بتایا کہ انکے تعلق کو ایک دہائی ہوچکی اور وہ اگلی کئی دہائیوں تک اکٹھے رہیں گے۔

رنویر سنگھ نے ممبئی میں ہونے والی ایک تقریب میں میزبان کے سوال پر بتایا کہ ان کے اور دپیکا پڈوکون کے درمیان دراصل 2012 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور 2022 میں انہیں 10 سال ہو جائیں گے، اداکار نے کہا کہ ان کے اور دپیکا کے درمیان تعلق مضبوط ہے اور انہوں نے اپنی اہلیہ سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ اگرچہ رنویر سنگھ نے تقریب میں اہلیہ سے تعلقات کو نارمل قرار دیا، تاہم دپیکا پڈوکون نے الگ سے علیحدگی کی خبروں پر کوئی وضاحت نہیں کی، رنویر نے اہلیہ سے اختلافات کی چہ مگوئیوں کے دوران ایک اور تقریب میں بتایا کہ وہ جلد ہی دپیکا پڈوکون کے ساتھ مزید فلموں میں کام کرتے دکھائی دیں گے۔

خیال رہے کہ دونوں نے نومبر 2018 میں یورپی ملک اٹلی میں پرتعیش اور تاریخی مقام پر ہندو اور سندھی روایات کے مطابق شادی کی تھی، ان کی شادی کو چار سال گزر چکے ہیں اور شادی کے بعد بھی دونوں کو چند فلموں میں ایک ساتھ دیکھا گیا جبکہ ہمیشہ انہیں ایک ساتھ رومانوی انداز میں دیکھا جاتا رہا ہے۔

Back to top button