’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ نے ماہرہ خان کو بیمار کیوں کر دیا؟


معروف اداکارہ ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کی ریکارڈنگ کے دوران سخت سرد موسم اور بارش کے مناظر کی عکس بندی کرتے ہوئے وہ بیمار ہو گئی تھیں، فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی ماہرہ مولا جٹ کی معشوقہ کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

فلم کو 13 اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا اور اب تک اس کی ریکارڈ ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔ فلمی مبصرین کو امید ہے کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پاکستانی سینما میں کمائی کے نئے ریکارڈ بنانےکے علاوہ نئے ٹرینڈ بھی بنائے گی۔

فلم کی نمائش سے قبل اس کی کاسٹ میں شامل اداکار پروموشنل انٹرویوز اور ویڈیوز جاری کرنے میں مصروف ہیں اور ماہرہ خان کی ایک ویڈیو بھی فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر جاری کی گئی ہے، جس میں شوٹنگ کے دوران اپنے ساتھ ہونے والی مشکلات کا ذکر کیا گیا ہے۔ ماہرہ خان نے مختصر دورانیے کی ویڈیو میں فلم کی شوٹنگ اور پنجابی زبان پر اپنی دسترس نہ ہونے پر کھل کر بات کی اور ساتھ ہی اُمید کا اظہار کیا کہ شائقین ان کی بُری پنجابی زبان کو بھی قبول کریں گے۔ اداکارہ نے بتایا کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو اس کے ایکشن مناظر کی وجہ سے سخت سرد اور بارش کے موسم میں بھی ریکارڈ کیا گیا اور ایک رات انہوں نے سردیوں کی سرد ترین رات میں بھی فلم کی شوٹنگ کی، سرد ترین رات میں شوٹنگ کے دوران انہوں نے دو دو سویٹر پہن کر شوٹنگ کرائی مگر اس کےباوجود وہ بیمار پڑگئی تھیں۔

ماہرہ خان کے مطابق انہوں نے سرد موسم میں بارش کے دوران بھی مناظر شوٹ کروائے، جس کے بعد وہ شدید بخار میں مبتلا ہوگئیں مگر اس کےباوجود انہوں نے کام جاری رکھا۔ ان سے قبل فلم کے مرکزی اداکاروں حمزہ علی عباسی اور فواد خان نے بھی فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کیا تھا اور بتایا تھا کہ انہوں نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے لیے سخت محنت کی، فواد خان نے تو بتایا تھا کہ ’شوگر‘ کے مریض ہونے کے باوجود فلم کے لیے اپنا وزن بڑھایا تھا۔

کوئی اسے فواد خان یا ماہرہ خان کی فلم کہہ کر پکارتا ہے تو کوئی ’مولا جٹ‘ کہنے پر اکتفا کرتا ہے لیکن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ بلاشبہ آج کل سوشل میڈیا، پاکستانی اخبارات، ٹی وی حتیٰ کہ بہت سے لوگوں کے پرسنل چیٹ باکسز یا نجی محفلوں میں بھی گفتگو کا محور بنی ہوئی ہے۔ فلم کی ریلیز کی تاریخ سامنے آنے کے بعد سے پاکستانی اور پنجابی فلموں کے شائقین کا بالآخر نو سالہ انتظار مکمل ہو رہا ہے اور اکثر شائقین فلم بارے خاصے بے چین اور متجسس دکھائی دیتے ہیں۔

Back to top button