ذاکر جعفر پر فرد جرم کیخلاف درخواست نمٹا دی گئی

نورمقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر پر عائد فرد جرم کیخلاف درخواست واپس لینے پر نمٹا دی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار ذاکر جعفر کی جانب سے وکیل راجا رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے اور فرد جرم کے خلاف درخواست واپس لینے کی استدعا کی تو جسٹس عامر فاروق نے استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
واضح رہے کہ 14 اکتوبر کو اسلام آباد کی سیشن عدالت نے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر سمیت تمام 12 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی تاہم ملزموں نے صحت جرم سے انکار کر دیا تھا۔
ذاکر جعفر، عصمت آدم جی اور تھراپی ورکس کے سی ای او طاہر ظہور نے فرد جرم کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے الگ الگ رجوع کیا تھا جس میں استدعا کی گئی کہ ٹرائل کورٹ کے 14 اکتوبر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
20 اکتوبر کو ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے تھے۔
