راشن دیے جائیں تو برانڈز کے ساتھ مفت کام کرنے پر تیار ہوں

سابق کپتان شاہد آفریدی نے تمام برانڈز کو مشروط پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں راشن اور فنڈز دیے جائیں تو وہ تمام برانڈز کے ساتھ مفت کام کرنے کےلیے تیار ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے بڑے بڑے برانڈز کے ساتھ ان کی اشتہاری مہم کےلیے کام کیا ہے لیکن اب میں چاہتا ہوں کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کے لیے میری معاونت کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیغام ان برانڈز کے لیے ہے جن کے ساتھ میں نے اپنے فائدے کےلیے کام کیا اور اس کے بدلے انہوں نے بھی مجھے مارکیٹنگ کےلیے استعمال کیا۔
https://twitter.com/SAfridiOfficial/status/1249680900641771521
انہوں نے کہا کہ اب میں ان برانڈز سے درخواست کرتے ہوئے اپنا آپ انہیں پیش کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے خوراک کی فراہمی کی مہم چل رہی ہے اور کوشش ہے کہ اس کو مزید بڑے پیمانے پر انجام دیا جائے کیونکہ پاکستان بہت بڑا ملک ہے اور کافی لوگ کھانے پینے کی اشیاء کے اب بھی منتظر ہیں۔
آفریدی نے تمام برانڈز کو کہا کہ مجھے آپ سے کچھ نہیں چاہیے اور میں آپ کو سوشل میڈیا اور ٹی وی سمیت ہر پلیٹ فارم پر تشہیر کےلیے دستیاب ہوں اور مجھے اس کے عوض پیسے نہیں چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس کے عوض آپ راشن تیار کرکے دیں تاکہ میں پاکستان کے ان لوگوں تک پہنچا سکوں۔ شاہد آفریدی کے اس پیغام کو عوام نے بہت سراہا ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
قومی ٹیم کے کرکٹرز حسن علی، وہاب ریاض، شعیب ملک، جویریہ خان سمیت دیگر نے بھی سابق کپتان کے اس اقدام پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سابق بھارتی کرکٹرز یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ نے بھی کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کرنے والی شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کےلیے فنڈز دینے کا اعلان کیا تھا۔
کورونا وائرس کی وجہ سے ملک کے بھر میں لاک ڈاؤن کے سبب غریب و نادار طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے ملک کے کونے کونے میں ایسے غریب اور مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔
