شرجیل میمن کا رانا ثناء اللہ کو جواب، بلاول کشمیر میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آزاد کشمیر میں ن لیگ کے وزراء کی جانب سے بھڑکائی گئی آگ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزراء کے غیرذمہ دارانہ بیانات کے باعث کشمیر میں منفی فضا پیدا ہوئی جب کہ ن لیگ کے وزراء نے غیرسنجیدہ سیاست کرتے ہوئے کشمیری عوام کی توہین کی۔غرور اور تکبر کا یہ عالم ہےکہ ن لیگ کے وفاقی وزراء اپنے متنازع بیانات پر معذرت کرنے سے بھی گریز کررہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک قومی رہنما ہیں اور چاروں صوبوں،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی مضبوط آواز بن کر وہاں کے عوام کے احساسِ محرومی کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اس وقت ایک حقیقی مدبرِ ریاست (True Statesman) کا کردار ادا کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی تقاریر آزادکشمیرکےالیکشن میں حالات خراب کرسکتی ہیں۔ خواجہ آصف کے بارے میں بلاول کا رویہ اچھا نہیں تھا، ان کو ووٹ کےلیے نفرت کی نہیں بلکہ قومی لیڈر بن کر بات کرنی چاہیے، مسلم لیگ ن میں کسی کو لات مار کر نکالنےکی روایت نہ تھی اور نہ ہے۔
بلاول کی تقریرکشمیرکےحالات خراب کرسکتی ہے،راناثنااللہ
راناثنا اللہ کا کہنا تھاکہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو آزادکشمیر کے وزیراعظم فیصل راٹھور نے کالعدم قراردیا،وفاقی حکومت نے اس فیصلےکی حمایت کی،وفاقی حکومت اس فیصلے کی پشت پر کھڑی ہے اور بلاول بھٹو زرداری اشاروں اور باتوں باتوں میں اس فیصلےکی مخالفت کر رہے ہیں۔
