رشی سوناک برطانیہ کے پہلے بھارتی نژاد وزیراعظم بن گئے

برطانوی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک بھارتی نژاد برطانوی وزیر اعظم منتخب ہوگئےجس کا نام رشی سوناک ہے۔ موصوف ایک دولت مند سیاست دان ہیں جنہیں بادشاہ چارلس کی جانب سے حکومت بنانے کا کہاگیا ہے،رشی سوناک نے خاتون وزیراعظم لز ٹرس کی جگہ وزارت عظمی ٰکی ذمہ داری سنبھالی ہے، جو اس عہدے پر صرف 44 دن فائز رہ سکیں۔ رشی سوناک کے وزیراعظم بننے کی راہ پینی مورڈانٹ کی جانب سے وزارت عظیٰ ٰکی دوڑ سے دستبردار ہونے کے بعد ہموار ہوئی جنہیں اراکین اسمبلی کی جانب سے زیادہ حمایت نہیں مل سکی، اس سے پہلے سابق وزیر اعظم بورس جانسن نے بھی ڈرامائی اعلان میں کہا تھا کہ وہ کنزرویٹو پارٹی کی قیادت کی دوڑ سے دستبردار ہو رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آپ اس وقت تک حکومت نہیں کر سکتے جب تک کہ آپ کی پارٹی پارلیمنٹ میں متحد نہ ہو۔ اس کے بعد رشی سوناک کی مد مقابل خاتون امیدوار پینی مورڈانٹ بھی رشی کے حق میں دستبردار ہوگئی تھیں، ان کا کہنا تھا کہ یہ تاریخی فیصلہ ہے اور ہماری پارٹی میں ٹیلنٹ کو ظاہر کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ رشی سوناک کو میری بھرپور حمایت حاصل رہے گی۔
پینی مورڈانٹ کی دستبرداری کی خبر پر مختصر وقت کے لیے پاؤنڈ اور برطانوی حکومت کے بانڈ کی قیمتیں بڑھ گئی تھیں، تاہم تھوڑی دیر بعد واپس پرانی سطح پر آگئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 42 سالہ رشی سوناک سابق وزیر خزانہ ہیں، وہ دو مہینے سے بھی کم وقت میں برطانیہ کے تیسرے وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں، ان پر ملک کی ابتر معاشی اور سیاسی صورتحال کو بحال کرنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔ رشی سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اخراجات میں بڑے پیمانے پر کمی کریں گے تاکہ برطانیہ کی مالیاتی صورتحال بہتر بنائی جاسکے، برطانیہ کی معیشت توانائی اور خوراک کی قیمتوں میں اضافے کے سبب کساد بازاری کا شکار ہو رہی ہے۔ 2016 میں جب سے برطانیہ نے یورپی یونین سے نکلنے کے لیے ووٹ دیا تھا تب سے برطانیہ مالی بحران کی کیفیت میں گھرا ہوا ہے، جس سے ملک کے مستقبل کو لے کر ویسٹ منسٹر میں ایک جنگ چھڑ گئی جو آج تک حل طلب ہے۔
ملکی سطح پر رشی سوناک تب نمایاں ہوئے جب وہ 39 سال کی عمر میں بورس جانسن کے دور میں وزیر خزانہ بنائے گئے تھے۔ وہ برطانیہ کے پہلے بھارتی نژاد وزیر اعظم بنے ہیں۔ ان کے اہل خانہ 1960 کی دہائی میں برطانیہ منتقل ہوگئے تھے، جہاں پر برطانیہ کی سابق کالونیوں کے کافی افراد دوسری جنگ عظیم کے بعد برطانیہ چلے گئے تھے۔آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجوایشن کرنے کے بعد انہوں نے اسٹین فورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی، جہاں ان کی ملاقات اپنی اہلیہ اکشاتا مورتی سے ہوئی تھی، جن کے والد نریانا مورتی بھارت کے ارب پتی افراد اور انفوسس لمیٹڈ کے بانی ہیں۔
