روحیل اصغر نے گالی دینے کو پنجاب کا کلچر قرار دے دیا

قومی اسمبلی کے باہر ایک صحافی نے شیخ روحیل اصغر سے سوال کیا کہ کیا گالی دینا اچھی بات ہے؟ تو اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تو پنجاب کا کلچر ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن اراکین کی جانب سے شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی تھی۔ دونوں اطراف سے ایک دوسرے کیخلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا تھا۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس بات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایوان میں ہلڑ بازی کرکے اس کے تقدس کو پامال کرنے والے ارکان کا داخلہ بند کر دیا ہے۔
جن اراکین کے قومی اسمبلی میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ روحیل اصغر بھی شامل ہیں۔وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے لیگی رہنما شیخ روحیل اصغر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ‏اپنی گندی سوچ اور گندی زبان کو پنجاب کے کلچر سے نہ جوڑیں۔ ہمارا کلچر ماؤں اور بہنوں کی عزت سکھاتا ہے۔ غلیظ گالیاں دینا ہمارے کلچر کا حصہ نہیں ہے۔ ن لیگ کی قیادت ان کو سمجھانے کی بجائے حوصلہ افزائی کرے گی۔

Back to top button