رکن اسمبلی شوکت چیمہ اور میاں جمشید کرونا سے جاں بحق

مسلم لیگ ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ اورپی ٹی آئی کے خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن میاں جمشید الدین کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے.
شوکت منظور چیمہ پنجاب کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ لاہور میں زیرعلاج تھے اور گزشتہ کچھ روز سے وینٹی لیٹر پر تھے.ڈاکٹرز کے مطابق مرحوم ایم پی اے شوکت منظور چیمہ دل کے شدید عارضے میں بھی مبتلا تھے۔ کورونا وائرس کے باعث ان کی طبعیت بگڑ چکی تھی جس کے بعد انھیں گزشتہ سات روز سے وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور 3 جون کو جان کی بازی ہار گئے.
واضح رہے کہ شوکت منظور چیمہ پی پی 51 وزیر آباد سے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر مسلسل تیسری مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے. وہ ایک بار تحصیل ناظم بھی رہے. لیگی قیادت نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے. ان کے انتقال پر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اظہار افسوس کیا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایم پی اے شوکت منظور کا انتقال پارٹی کے لیے صدمے کا باعث ہے، وہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے۔شہباز شریف نے کہا کہ شوکت منظور کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ہم ان کے انتقال پر اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں، اللہ شوکت منظور کی مغفرت فرمائے اور اہلخانہ کو صبر جمیل کرے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی، انجینئر امیر مقام اور عطا تارڑ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
دوسری طرف پی ٹی آئی کے خیبر پختونخوا اسمبلی میاں جمشید الدین کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ میاں جمشید الدین حلقہ پی کے 63 نوشہرہ سے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے وہ تحریک انصاف کی گزشتہ دور حکومت میں محکمہ ایکسائز کے وزیر رہے۔ گزشتہ دنوں میاں جمشید الدین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور انھیں علاج کے لیے اسلام آباد منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کرگئے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اب تک 8 ارکان کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں خاتون رکن مدیحہ نثار، کامران بنگش، ڈاکٹر امجد علی، اسمبلی بہادر خان، ضیاء اللہ بنگش، شفیق آفریدی، عنایت اللہ، شامل ہیں جبکہ خیبرپختونخوا سے ارکان قومی اسمبلی میں این اے 41 ضلع باجوڑ سے رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان, این اے 50 جنوبی وزیرستان سے ایم این اے علی وزیر, این اے 6 لوئر دیر سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے محبوب شاہ بھی کورونا وبا کے متاثر ہوچکے ہیں۔ این اے 45 ضلع کرم سے متحدہ مجلس عمل کے منیر اورکزئی انتقال کرگئے ہیں، ارکان اسمبلی کے ساتھ عوامی نمائندے بھی کرونا وائرس کے باعث بیمار ہوچکے ہیں جن میں بزرگ سیاستدان حاجی غلام احمد بلور، امیر مقام، میاں افتخار حسین شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ مرحوم کئی روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا۔ انھیں بھی پچھلے ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔
غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کی وبا سامنے آنے کے بعد مسلسل عوامی خدمت میں مصروف رہے۔ تاہم وبا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد انہوں نے خود کو قرنطیہ کر لیا تھا۔ بعد ازاں طبعیت زیادہ خراب ہونے کے باعث ان کے اہلخانہ نے انھیں نجی ہسپتال میں داخل کرایا تھا۔مرتضیٰ بلوچ کا 14 مئی کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ مرحوم گڈاپ کے ٹاؤن ناظم بھی رہے۔ وہ پی ایس 88 ملیر ٹو رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button