زرداری اور مولانا اپنا چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ لانے کےلیے پرامید

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے معاملے پر سابق صدر آصف علی زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے پی ڈی ایم امیدواروں کی سینیٹ الیکشن میں کامیابی یقینی بنانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا پی ڈی ایم کو سینیٹ میں حکومت پر واضح برتری حاصل ہے، کل یوسف رضا گیلانی اور غفور حیدری کی کامیابی کےلیے پرامید ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےلیے ہمارا ہوم ورک مکمل ہے، تمام اراکین نے حمایت کا یقین دلایا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں حکومت ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کر رہی ہے، حکومت نے ہمارے اراکین کو توڑا تو سب عوام کے سامنے لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا عمران خان کے منہ سے اخلاقیات کی باتیں اچھی نہیں لگتیں، ہمارے اراکین پر سنجرانی کو ووٹ دینے کےلیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا نمبرز ہمارے پاس ہیں، حکومت صرف ہارس ٹریڈنگ کرکے ہی جیت سکتی ہے، ہماری جیت کو شکست میں بدلا گیا تو سب نامعلوم سامنے لائیں گے۔
