سابق افغان صدر حامد کرزئی کی نواز شریف سے لندن میں ملاقات

سابق افغان صدرحامد کرزئی نواز شریف کی عیادت کے لیے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پہنچے جہاں انہوں نے لیگی قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔
نوازشریف کی عیادت کے بعد حامد کرزئی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اپنے بھائی نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف کی عیادت کے لیے آیا تھا، ان کی خیریت دریافت کی، نوازشریف کی صحت بہتر محسوس ہوئی۔ حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ میرا دورہ پاکستان رہا یا نواز شریف کا دورہ افغانستان وہ بہت مہربان رہے۔
اس موقع پر نواز شریف کے بھائی و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حامد کرزئی نوازشریف کی خیریت پوچھنے آئے تھے اور انہوں نے پاکستان کے عوام کے لیے خیرسگالی کا پیغام دیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے افغانستان کے لیے اپنے جذبات کا اعادہ کیا، ہمیشہ کوشش رہنی چاہیے کہ پاکستان اور افغانستان قریب تر ہوں۔
یاد رہے کہ نواز شریف کی تصدیق شدہ میڈیکل رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پلیٹیلیٹس غیر مستحکم، شریانیں جزوی بند اور فالج کا خطرہ ہے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ ان کے کنسلٹنٹ ڈیوڈ لارنس نے تیار کی ہے جس کے مطابق نوازشریف کے پلیٹیلیٹس کا تعین نہیں ہورہا اور پلیٹیلیٹس کا تعین نہ ہونے کی صورت میں ممکنہ زہرخورانی کا ٹیسٹ کرنا پڑے گا۔
