ساری جماعتیں پاک فوج کیساتھ کھڑی ہیں

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ قومی اداروں کا سیاست سے دور رہنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، تمام جماعتیں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج راولپنڈی کے لوگ انتخابات کے حق میں اور حکومت سے نجات کے لیے ریفرنڈم کے حق میں ووٹ دیں گے، اُمید ہے ادارے عوام کی رائے کا احترام کریں گے، اس سے پی ڈی ایم کی سیاسی موت واقع ہو جائے گی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نہ اسلام آباد کی طرف پیش قدمی ہوگی نہ دھرنا دیا جائے گا،یہ فیصلہ عمران خان کریں گے کہ ان کی کیا حکمت عملی ہے۔رانا ثناء اللّٰہ کی دھمکیوں کے باوجود عمران خان آ رہے ہیں، حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے، ان کو معلوم ہے ان کا سیاسی قبرستان بن جائے گا، الیکشن حکومت کے لیے سیاسی موت ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان نے 8 ماہ حکومت کو بے نقاب کیا، اگر عمران خان یا اس کے حامیوں کو نقصان پہنچا تو پھر اسلام آباد والے یقین رکھیں ملک اس طرح نہیں چل سکتا۔
