سعودیہ نے امریکہ سے سوڈان کے حوالے سے مطالبہ کردیا

سعودی وزیر مملکت برائے افریقی امور احمد بن عبدالعزیز قطن نے امریکہ کے خصوصی ایلچی برائے سوڈان ڈونلڈ بوتھ سے ملاقات میں مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ سوڈان کا نام دہشت گردی کے سرپرست ممالک کی فہرست سے نکال دے۔
سعودی وزیر مملکت نے امریکا کے سوڈان کے بارے میں حالیہ مثبت بیانات کا خیر مقدم کیا ہے اور سعودی عرب کی جانب سے سوڈان کی سلامتی، استحکام اور برادر سوڈانی عوام کی امنگوں کی تکمیل کےلیے حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
سعودی وزیر مملکت نے سوڈان کی عبوری حکومت کی حمایت میں تمام علاقائی اور دوست ممالک کے درمیان روابط اور تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے تاکہ اس کے اہداف کے حصول میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو روکا جاسکے اور سوڈان کی مکمل حمایت کی جاسکے۔
واضح رہے کہ امریکی حکومت نے 1993ء میں سوڈان کا نام دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا اور تب (سابق) صدر عمر حسن البشیر کی حکومت پر دہشت گرد گروپوں کی حمایت کا الزام عائد کیا تھا۔
امریکہ کے اس اقدام کے بعد سوڈان فنی طور پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) اور عالمی بنک سے قرضوں کی شکل میں امداد کا نااہل قرار پایا تھا۔ اب مذکورہ فہرست سے سوڈان کے نام کے اخراج کےلیے امریکی کانگریس کی منظوری ضروری ہے۔
عمر البشیر کو سوڈانی فوج نے گزشتہ سال اپریل میں عوامی احتجاجی تحریک کے بعد معزول کردیا تھا اور خود اقتدار سنبھال لیا تھا۔اس کے بعد اگست میں ایک سول عبوری حکومت تشکیل پائی تھی۔ اس حکومت سے امریکہ نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ وہ ممنوعہ فہرست میں سوڈان کا نام شامل ہونے کے باوجود بین الاقوامی اداروں کے ساتھ سلسلہ جنبانی شروع کرسکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button