سعودی عرب نے پاکستان سمیت 12 ملکوں کے سفر پر پابندی عائد کر دی

دنیا بھر میں بڑھنے والے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے شہریوں اور رہائشیوں کے سفر کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین سمیت 12ممالک کے ساتھ پروازوں کو بھی روک دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ کے سرکاری ذرائع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے مزید ایسے ممالک جہاں کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر عارضی سفری پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ کئی ممالک کے ساتھ فلائٹ آپریشن بھی معطل کردیا گیا ہے۔
Official source at Ministry of Interior: Kingdom’s government decides to temporarily suspend travel of citizens and expatriates, suspend flights to number of countries.https://t.co/1NBdyiv8Ut#SPAGOV pic.twitter.com/4mQSrtxiAO
— SPAENG (@Spa_Eng) March 12, 2020
سعودی حکومت نے یورپی یونین، سوئٹزرلینڈ، بھارت، پاکستان، سری لنکا، فلپائن، سوڈان، ایتھوپیا، جنوبی سوڈان، ایریٹیریا، کینیا، جبوتی اور صومالیہ کے ساتھ فلائٹ آپریشن معطل کردیا ہے تاہم کمرشل اور کارگو ٹریفک کی اجازت برقرار ہے۔ سعودی حکومت نے ان ممالک سے آنے والے شہریوں کا بھی اپنے ملک میں داخلہ بند کردیا ہے جب کہ اس فیصلے کا اطلاق ملک میں موجود فلپائنی اور بھارتی ہیلتھ ورکرز پر نہیں ہوگا اور ان کو ملک سے انخلا کی بھی اجازت ہوگی۔
وائرس کی روک تھام کے لیے سعودی عرب نے اردن کے ساتھ ملنے والے زمینی راستوں سے تمام پسنجر ٹریفک کو بھی معطل کردیا ہے۔
اس کے علاوہ سعودی عرب میں شپنگ اور تجارتی آمدورفت پر بھی ضرورت احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ ہفتے سے عمرہ زائرین کے بھی ملک میں داخلے پر پابندی عائد کررکھی ہے۔
