سنجے دت کا ابتدائی علاج بھارت میں شروع

بالی ووڈ سنجو بابا کو تیسرے یا چوتھے درجے کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبروں کے ساتھ اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ وہ علاج کےلیے جلد امریکا چلے جائیں گے تاہم اب ان کی اہلیہ منائتا دت نے تصدیق کی ہے کہ سنجے دت ابتدائی علاج بھارت میں کروائیں گے۔
چند روز قبل اب بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ بھارت کے شہر ممبئی کے اسپتال میں سنجے دت کی کیموتھراپی شروع ہونے کے امکانات ہیں۔ اور انہیں لیلاوتی اسپتال اور کوکیلا بین اسپتال جاتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق منگل کی شام کو سنجے دت کو کوکیلا بین اسپتال جانے سے چند منٹ قبل ان کی رہائش گاہ کے باہر دیکھا گیا، جہاں ان کے ساتھ دونوں بہنیں پریا اور نمرتا جب کہ اہلیہ منائتا دت بھی موجود تھیں۔ اسپتال جاتے وقت اپنی گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے سنجے دت نے کہا تھا کہ ‘میرے لیے دعا کریں’۔
جس کے بعد ان کی اہلیہ منائتا دت نے سنجے دت کی گھر سے کوکیلا بین اسپتال روانگی کی بعد بھارت میں علاج شروع کروانے کی تصدیق کی۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سنجے دت کی اہلیہ منائتا دت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میں ان تمام برسوں میں سنجو کے تمام مداحوں اور خیرخواہوں کی محبت اور گرم جوشی کی مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سنجو کی زندگی میں بہت سے اتار چڑھاؤ آئے لیکن آپ کی حوصلہ افزائی اور تعاون کی مدد سے ہر مشکل مرحلہ پار کیا اور اس کےلیے ہم ہمیشہ آپ کے شکر گزار رہیں گے۔ منائتا دت نے کہا کہ اب ایک اور چیلنج کے لیے ہماری آزمائش جاری ہے اور میں جانتی ہوں کہ اسی محبت کی وجہ سے سنجے دت یہ وقت بھی گزار دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاندان کے طور پر ہم نے اس کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جتنا ممکن ہوگا ہم اپنی زندگی کو معمول کی طرح مسکراہٹ کے ساتھ گزارنے جارہے ہیں کیوں کہ یہ ایک سخت لڑائی اور طویل سفر ہوگا۔ منائتا دت کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی منفی چیز کے بغیر سنجو کےلیے ایسا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس مشکل وقت میں اسپتال میں گھر میں قرنطینہ کی وجہ سے سنجو کا ساتھ دینے سے قاصر ہوں جو چند روز میں ختم ہوجائے گا۔ سنجے دت کی اہلیہ نے کہا کہ ہر جنگ میں ایک مشعل بردار ہوتا ہے اور کوئی ایسا ہوتا ہے جو قلعہ سنبھالتا ہے، لہٰذا پریا جنہوں نے 2 دہائیوں سے زائد عرصے تک ہمارے خاندان کی کینسر فاؤنڈیشن کےلیے کام کیا ہے اور انہوں نے اپنی والدہ کو بیماری کی جنگ لڑتے دیکھا وہ ہماری مشعل بردار ہیں جبکہ میں قلعہ سنبھالوں گی۔
انہوں نے کہا کہ سنجے دت اپنا ابتدائی علاج ممبئی میں مکمل کرائیں گے اور پھر کورونا وائرس کے صورتحال بہتر ہونے پر ہم سفر کا ارادہ کریں گے۔ منائتا دت کا کہنا تھا کہ سنجو اس وقت کوکیلا بین اسپتال کے ڈاکٹروں کے بہترین ہاتھوں میں ہیں۔ سنجے دت کی اہلیہ نے کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کر سب سے گزارش کرتی ہوں کہ ان کی بیماری کے مرحلے کی قیاس آرائیاں بند کریں اور ڈاکٹروں کو اپنا کام جاری رکھنے دیں، ہم آپ کو باقاعدگی سے پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنجو صرف میرے شوہر اور ہمارے بچوں کے والد نہیں بلکہ وہ اپنے والدین کو کھونے کے بعد انجو اور پریا کےلیے ان کے والد کی جگہ ہیں۔
یاد رہے کہ سنجے دت کو 8 اگست کے دن سانس لینے کی شکایت پر ممبئی کے نجی لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور 2 روز بعد 10 اگست کو انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔
اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے ایک دن بعد 11 اگست کو 61 سالہ اداکار نے اعلان کیا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے فلمی صنعت سے کچھ عرصے کےلیے وقفہ لے رہے ہیں اور مداحوں کو فکر مند ہونے یا غیر ضروری اطلاعات پھیلانے کی ضرورت نہیں۔ جس کے بعد اسی روز بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ سنجو بابا میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور کینسر تیسرے اسٹیج پر ہے اور وہ علاج کےلیے جلد امریکا روانہ ہوجائیں گے۔ ان کی بیماری کے حوالے سے اہلیہ منائتا دت کا بھی بیان سامنے آیا تھا تاہم سنجے یا منائتا دت میں سے کسی نے بھی اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں دی۔
سنجے دت کی بیماری کی خبروں کے بعد رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کو سنجے دت کے گھر سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
علاوہ ازیں سنجے دت کے بیمار پڑنے سے کئی فلم سازوں کو اپنی آنے والی فلموں کی فکر پڑ گئی ہے، کیوں کہ سنجو بابا کم از کم 6 آنے والی فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے اور ان کی فلموں پر مجموعی طور پر فلم سازوں کے 735 کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button