سنجے دت کی فلم سڑک 2 کے ٹریلر نے بدترین ریکارڈ بنا دیا

ریکارڈ بننا اور ٹوٹنا ایک عام سی بات ہے لیکن بعض ریکارڈ اتنے غیر معمولی ہوتے ہیں کہ خبروں کی زینت بنے بغیر نہیں رہ پاتے، ایسا ہی انوکھا ریکارڈ کینسر میں مبتلا ہونے والے 61 سالہ بالی ووڈ سپر اسٹار سنجو بابا یعنی سنجے دت اور اداکارہ عالیہ بھٹ کی رومانٹک تھرلر فلم ’سڑک 2‘ کے ٹریلر نے قائم کیا ہے۔
حیران کن طور پر یہ ریکارڈ فلم کے ٹریلر کی پسندیدگی یا ویوز کے حوالے سے نہیں بلکہ سب سے زیادہ ناپسندیدگی کے حوالے سے ہے۔ ’سڑک 2‘ کے ٹریلر کو 12 اگست کو ریلیز کیا گیا تھا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ناکامی کا نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ 15 اگست تک ’سڑک 2‘ کے ٹریلر کی ویڈیو بھارت میں ناپسند کی جانے والی یوٹیوب کی پہلی ویڈیو بن گئی۔ عالیہ بھٹ، ادیتیہ رائے کپور، سنجے دت اور پوجا بھٹ جیسی کاسٹ پر مبنی فلم کےٹریلر کی ویڈیو یوٹیوب پر ڈس لائیک یعنی ناپسند کی جانے والی دنیا کی تیسری بڑی ویڈیو بھی بن گئی۔
’سڑک 2‘ سے آگے صرف دو ہی ویڈیوز ایسی ہیں جنہیں یوٹیوب پر سب سے زیادہ ناپسند کیا گیا ہے۔ دو ویڈیوز میں دوسرے نمبر پر کینیڈین پاپ اسٹار جسٹن بیبر کے گانے بے بی کی ویڈیو ہے، جسے 2010 میں ریلیز کیا گیا تھا۔ تاہم 18 اگست تک ’سڑک 2‘ نے جسٹن بیبر کے گانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ جسٹن بیبر کی ویڈیو نے گزشتہ ایک دہائی میں 15 اگست تک یوٹیوب پر ایک کروڑ 10 لاکھ ڈس لائیک حاصل کیے تھے تاہم 18 اگست تک ’سڑک 2‘ کا ٹریلر ڈس لائیک میں گلوکار کے گانے سے آگے نکل گیا۔ 18 اگست کی صبح تک ’سڑک 2‘ نے یوٹیوب پر تقریباً ایک کروڑ 15 لاکھ ڈس لائیک حاصل کیے۔ ’سڑک 2‘ جہاں 18 اگست تک دنیا بھر میں یوٹیوب پر ناپسند کی جانے والی دوسری ویڈیو بن چکی تھی، وہیں وہ بھارت میں پہلے نمبر پر ناپسند کی جانے والی ویڈیو بن چکی تھی۔
جسٹن بیبر کے گانے اور ’سڑک 2‘ کے ٹریلر سے آگے یوٹیوب کی 2018 میں جاری کی گئی اپنی روائنڈ ویڈیو ہے، جسے اب تک ایک کروڑ 80 لاکھ بار ناپسند کیا جا چکا ہے۔ تاہم یوٹیوب کی آفیشل ویڈیو نے بھی یہ سنگ میل 2 سال میں حاصل کیا جب کہ ’سڑک 2‘ نے یہ اعزاز محض 5 دن میں حاصل کیا۔
خیال رہے کہ فلم ’سڑک 2‘ کو سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور فلم ساز مہیش بھٹ پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ انہوں نے فلم میں اقربا پروری کے فروغ کو ثابت کیا۔ فلم ساز مہیش بھٹ نے اپنی فلم میں دونوں بیٹیوں عالیہ بھٹ اور پوجا بھٹ سمیت ادیتیہ رائے کپور اور سنجے دت جیسے اداکاروں کو کاسٹ کیا ہے۔ جب کہ یہ خبریں بھی وائرل ہوئی تھیں کہ ابتدائی طور پر مہیش بھٹ نے سڑک 2 کےلیے سشانت سنگھ کو کاسٹ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن انہوں نے اسے پورا نہیں کیا لیکن مہیش بھٹ نے گزشتہ ماہ ممبئی پولیس کو دیے گئے بیان میں واضح کیا تھا کہ انہوں نے سشانت سنگھ کو سڑک 2 میں کاسٹ نہیں کیا تھا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بات ہوئی تھی۔ سڑک 2 کو رواں ماہ 28 اگست کو ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈزنی ہوٹ اسٹار پر ریلیز کیا جائے گا۔
