کیا حرا مانی اور عفان وحید نے اکٹھے ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے؟


معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے دو مشہور ڈراموں ‘دو بول’ اور ‘غلطی’ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ حرا مانی اور اداکار عفان وحید دوبارہ ایک ڈرامہ سیریل میں اکٹھے ہونے جا رہے ہیں۔
معروف اداکارہ حرا مانی کا شمار آج کی بہترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جن کی موجودگی کسی بھی ڈرامے کی کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ حرا کے مداحوں کو ہمیشہ ان کے نئے پراجیکٹ کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔ حرا نے اداکار عفان وحید کے ساتھ پہلی مرتبہ ‘دو بول’ نامی ڈرامے میں کام کیا تھا۔ مداحوں کی جانب سے اس ڈرامے کی کہانی اور اور دونوں کی پرفارمنس کو بہت پذیرائی ملی تھی، جس کے بعد یہ ٹیلی ویژن کا کامیاب ڈرامہ بھی ثابت ہوا تھا۔ ڈرامہ بنیادی طور پر رومانوی کہانی پر مبنی تھا جسے مداحوں کی جانب سے بہت سراہا گیا اور دونوں کی جوڑی بھی کافی پسند کی گئی تھی۔
اسکرین پر مداحوں کی پسندیدہ جوڑی بننے کے بعد ان دونوں اداکاروں نے ‘ دو بول’ کے بعد ایک اور ڈرامہ ‘غلطی’ بھی سائن کیا تھا۔ حرا مانی اور عفان وحید کی جوڑی کے باعث غلطی ڈرامے کے ٹیزرز بھی سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوئے تھے لیکن یہ ڈرامہ دو بول جتنا کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔ اب عفان وحید اورحرا مانی نے اپنے انسٹا گرام پر ایک مبہم پوسٹ میں مداحوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ جلد ہی تیسری مرتبہ اکٹھے کام کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ عفان وحید نے انسٹاگرام پر اپنی اور حرا مانی کی تصاویر شیئر کیں جسے دیکھ کر یوں معلوم ہوتا ہے کہ وہ کسی سیٹ پر موجود ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ‘نئے لفظ ، وہی ہم’۔ دوسری جانب حرا مانی نے بھی انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کیں اور انہوں نے بھی کیپشن میں’نئے لفظ ، وہی ہم’ لکھا۔
سوشل میڈیا پر حرااورعفان کے مداحوں نے اس جوڑی کی ٹی وی سکرین پر دوبارہ متوقع واپسی پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور ان کے ممکنہ ڈرامے سے متعلق سوالات کیے ہیں۔ تاہم دونوں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ 35 سالہ عفان وحید نے سال 2006 میں نجی چینل کے ڈرامے ‘تیرے پہلو میں’ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اس کے بعد ‘میرے قاتل میرے دلدار’، ‘میں بشریٰ’، ‘بھول’ اور ‘میں نہ جانوں’ جیسے ڈراموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔
دوسری جانب 31 سالہ حرا مانی نے اداکاری کا آغاز سال 2013 کے پراجیکٹ ‘تیری میری کہانی’ کے ساتھ کیا تھا۔ وہ اس کے بعد ‘یقین کا سفر’، ‘دل موم کا دیا’، ‘آنگن’، ‘بندش’ جیسے ڈراموں میں کام کرچکی ہیں اس کے علاوہ حرا نے کامیابی کے ریکارڈ بنانے والے ڈرامے ‘میرے پاس تم ہو’ میں بھی اداکاری کی تھی اور اور چھوٹے بچے رومی کی ٹیچر کا کردار ادا کیا تھا جو مختصر ہونے کے باوجود بہت ہٹ ہوا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button