سنگیتا نے بیٹی کی شادی 14 برس کی عمر میں کیوں کی؟

معروف اداکارہ، فلمساز سنگیتا نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے اپنی بیٹی کی شادی بہت کم عمری میں کر دی تھی، بڑی صاحبزادی صرف 14 برس کی تھیں جب ان کی شادی کی اور 15 برس کی عمر میں وہ ماں بن گئی تھیں۔سنگیتا حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر باتیں کیں، بطور اداکارہ ان کی پہلی کامیاب فلم ’امن‘ تھی، جس میں انہوں نے ایک ہندو لڑکی کا کردار ادا کیا تھا اور اس سے قبل وہ تین فلموں میں کام کر چکی تھیں، فلمساز نے بتایا کہ اداکاری کے ساتھ انہوں نے فوری طور پر ہدایت کاری بھی شروع کر دی تھی اور انہوں نے پہلی فلم کی ہدایات 18 سال کی عمر میں دیں۔انہوں نے بتایا کہ بطور ہدایت کارہ پہلی فلم 18 سال کی عمر میں ریلیز کی، جس میں انہوں نے غلام محی الدین کو بطور ہیرو کاسٹ کیا لیکن شوٹنگ کے دوران انہیں ’بیٹا‘ کہتی تھیں، فلم کی ریلیز کے 10 سال بعد غلام محی الدین نے ان سے شکوہ کیا کہ وہ ان پر فدا تھے لیکن وہ انہیں بیٹا کہتی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سنگیتا نے کہا کہ انہوں نے بطور ہدایت کار مجموعی طور پر 80 فلمیں ریلیز کیں، جس میں سے متعدد فلموں میں انہوں نے خود بھی اداکاری کی، بعض مرتبہ انہوں نے ایک ہی سال میں پانچ، پانچ فلمیں بھی بنائیں اور ان میں سے زیادہ تر کامیاب بھی گئیں۔ایوارڈز کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں پہلا ایوارڈ ’امن‘ فلم کی کامیابی پر ملا اور اس وقت وہ بہت کم عمر تھیں، ایوارڈ کے لیے جاتے وقت وہ کانپ رہی تھیں، سنگیتا نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ایوارڈز کو سنبھال کر نہیں رکھا، انہیں اتنے ایوارڈز ملے کہ انہیں سنبھال کر رکھنے کی فرصت ہی نہیں۔پروگرام کے دوران انہوں نے کم عمری کی شادی کے فوائد بھی بتائے اور کہا کہ ان کا خیال ہے کہ شادی 25 سال کی عمر سے پہلے ہی کر لینی چاہیے، اس کے بعد جوڑوں کی آپس میں نہیں بنتی۔انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی بڑی صاحبزادی کی شادی محض 14 سال کی عمر میں کرادی تھی اور وہ 15 سال کی عمر میں پہلے بچے کی ماں بن گئی تھیں۔سنگیتا نے مزید کہا کہ اسی طرح انہوں نے دوسری بیٹی کی شادی بھی 16 سال کی عمر سے پہلے ہی کرا دی تھی اور ساتھ ہی انہوں نے اپنی نواسیوں کی شادیاں بھی کم عمری میں کرا دیں، ان کا کم عمری میں بچوں کی شادیاں کرانے کا تجربہ بہت اچھا رہا اور وہ جلد شادیوں کے حق میں ہیں۔

Back to top button