سوشل میڈیا صارفین اداکار اظفر رحمان پر بھڑاس کیوں نکالنے لگے؟

کردار منفی ہو یا مثبت، اسے ادا کرنے والا اداکار ہی اس کردار کی مقبولیت کی وجہ بنتا ہے، اظفر رحمان بھی ان فنکاروں میں سے ایک ہیں جوکہ کردار میں ایسے ڈھلتے ہیں کہ لوگ ان کی شخصیت کو اسی پیرائے میں ڈھال دیتے ہیں۔
اداکار اظفر رحمان کے ان دنوں ڈرامہ سیریل ’’میرے بن جائو‘‘ میں منفی کردار نے لوگوں کی بدعائیں دینے پر مجبور کر دیا ہے، ایسے بہت کم اداکار ہیں جنہیں نیگیٹیو کرداروں میں بھی اتنی ہی پذیرائی ملی جتنی بطور ہیرو مرکزی کردار میں ملتی ہے، اظفر رحمان بھی انہی اداکاروں میں سے ایک ہیں۔
اظفر رحمان ان دنوں ڈرامہ سیریل ’میرے بن جاﺅ‘ میں نظر آ رہے ہیں جس میں اُن کا کردار اس حد تک منفی ہے کہ سوشل میڈیا پر صارفین اپنی بھڑاس نکال رہے ہیں۔یہی ایک اداکار کی کامیابی ہوتی ہے کہ وہ اپنے کردار میں خود کو ڈھال لے۔
ڈرامہ ’میرے بن جاؤ‘ میں سوشل میڈیا سے لوگوں کی زندگیوں پر پڑنے والے منفی اثرات کو دکھایا گیا ہے۔اظفر رحمان اپنی منکوحہ کو اُن کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز سے بلیک میل کرتے ہیں جو شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہو جاتی ہیں۔
اظفر رحمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’میں اب یہی کوشش کرتا ہوں کہ میں مسائل پر مبنی ڈرامے کروں۔ میرے بن جاﺅ سے پہلے میں نے ’آخر کب تک‘ اور ’نظرِ بد‘ میں کام کیا تھا جبکہ ’آخر کب‘ چائلڈ ابیوز پر مبنی ڈرامہ تھا۔یہ سب ڈرامے اُن مسائل پر مبنی تھے جن پر بات نہیں کی جاتی۔ ایشو بیسڈ کردار کرنا میں اپنی سوشل ذمہ داری سمجھتا ہوں، میں تو اپنی طرف سے پوری کوشش کرتا ہوں کہ اپنے کردار کے ذریعے مسائل اُجاگر کروں۔
اداکار نے بتایا کہ میرے کردار ہمیشہ دیکھنے میں نارمل لگتے ہیں اگر ہم اپنے ارد گرد دیکھیں تو ایسے لوگ جو دِکھنے میں بہت پڑھے لکھے اور سلجھے ہوئے نظر آتے ہیں لیکن ان کے دماغ میں کیا کھچڑی پک رہی ہوتی ہے یہ کوئی نہیں جانتا، جب ہمارے ہاں نیا نیا انٹرنیٹ، ڈش انٹینا آیا تھا تو اس وقت والدین نے ایک وقت متعین کیا تھا کہ کب ٹی وی دیکھا جا سکتا ہے۔ بچوں کو بتایا گیا تھا کہ کون سی فلمیں یا شو دیکھنے ہیں اور کون سی فلمیں اور شو نہیں دیکھنے۔
اظفر رحمان کے مطابق آج والدین نے اپنی ذمہ داریوں سے ہاتھ اٹھا لیا ہے۔ چھوٹے چھوٹے بچوں کے ہاتھوں میں فون ہیں۔ یہ عمر شئیرنگ اور کیئرنگ کی ہوتی ہے، سیکھنے کی ہوتی ہے لیکن ہم نے ان کی شخصیت میں انتشار پیدا کر دیا ہے۔ بڑے ہو کر وہ اسی شخصیت کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔
آج کل بننے والے ڈراموں کے معیار کے حوالے سے اظفر رحمان سمجھتے ہیں کہ جس طرح کھانے کی ٹیبل پر رائتہ، میٹھا، بریانی ہر چیز ہوتی ہے، اسی طرح ٹی وی پر بھی ہر طرح کا ڈرامہ ہونا چاہئے اور ناظرین کے پاس حق ہونا چاہئے کہ وہ اپنی پسند کی چیزیں دیکھیں۔
اظفر رحمان ڈراموں کے ساتھ ساتھ کچھ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دِکھاتے نظر آئے، انہوں نے بتایا کہ ’میں تین فلمیں کر چکا ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ اب میرا فلموں کا کیریئر ختم ہو گیا ہے۔ میں محسوس کرتا ہوں کہ پاکستانی ڈرامہ فلم سے کہیں بڑا ہے، میں نے دس سے بارہ فلمیں ریجیکٹ کی ہیں۔

Back to top button