ن لیگ نے آزادکشمیرمیں دھاندلی کاالزام مسترد کردیا

وفاقی وزرانےکشمیرکےانتخابات میں دھاندلی کاالزام مسترد کرتے ہوئےکہا ہے کہ کسی کو شکایت ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کرے۔
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینیئر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ پرامن انداز میں مکمل ہوا، عوام نے بھرپور طریقے سے حق رائے دہی استعمال کیا، جبکہ دھاندلی سے متعلق الزامات کے بجائے ثبوت الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیے جائیں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک مجموعی طور پر انتخابات پرامن ماحول میں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرز کی سہولت کیلئےپولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ بھی کیا گیا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ پورے آزاد کشمیر میں دن بھر کے دوران صرف تین واقعات پیش آئے، لیکن انہیں غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض حلقوں میں 90 فیصد سے زیادہ ٹرن آؤٹ کو دھاندلی قرار دیا جا رہا ہے، حالانکہ ان کے امیدوار نے متعلقہ پولنگ سٹیشن کی فہرست فراہم کی تھی جہاں 90 فیصد ٹرن آؤٹ ریکارڈ ہوا، اور اس حوالے سے تمام اعتراضات الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ چوہدری لطیف اکبر اپنے پولنگ سٹیشن پر ووٹ کاسٹ کرنے گئے تھے جہاں ایک خاندان کے افراد سے ان کی صرف تلخ کلامی ہوئی۔ وہاں نہ کوئی ہاتھا پائی ہوئی اور نہ ہی کوئی جھگڑا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ثابت ہو جائے کہ کسی نے مکا مارا، فائرنگ کی یا ڈنڈا استعمال کیا تو ہم اس کی ذمہ داری قبول کریں گے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ایک کارکن ہارٹ اٹیک کے باعث جاں بحق ہوا، تاہم اس واقعے کو قتل قرار دیا جا رہا ہے، جس کی حقیقت تحقیقات سے سامنے آنی چاہیے۔
انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انہیں غلط معلومات فراہم کی گئی ہیں اور بعض لوگ انہیں ورغلا کر غلط بیانی کروا رہے ہیں۔
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ 99 فیصد پولنگ سے متعلق اگر کسی کو اعتراضات ہیں تو وہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیے جائیں۔ چند پولنگ سٹیشنوں کے نتائج سے مجموعی انتخابی نتائج متاثر نہیں ہوں گے، اس لیے انتخابی تنازعات قانون اور الیکشن کمیشن کے ذریعے ہی حل ہونے چاہییں اور دھاندلی کے الزامات کے بجائے شواہد متعلقہ فورم پر پیش کیے جائیں۔
