سونیا حسین لکس سٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں پر سیخ پا


پاکستان جیسے ملک میں ٹیلنٹ کو نظر انداز کرنا اور معروف شخصیات کو ان کے مرنے کے بعد ایوارڈز کیلئے نامزد کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے اور اب یہی شکوہ اداکارہ سونیا حسین نے بھی کیا ہے جوکہ لکس سٹائل ایوارڈز میں معاشرے کی اصلاح کیلئے کیے گئے کام کو نظر انداز کیے جانے پر انتہائی مایوسی کا شکار ہیں۔
اداکارہ سونیا حسین نے لکس سٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ آخر ایوارڈز کے لیے اچھی کہانی پر مبنی ڈراموں کو شارٹ لسٹ کیوں نہیں کیا گیا؟ یاد رہے کہ حال ہی میں لکس سٹائل ایوارڈز 2021 کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا تھا جس میں میوزک، فیشن و ٹیلی وژن کی کیٹیگریز میں متعدد ڈراموں، ماڈلز، اداکاروں اور گلوکاروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ ایوارڈز کے لیے عوام میں پسند کیے جانے والے اپنے مقبول ڈرامے ’سراب‘ کو ایک بھی نامزدگی نہ ملنے پر سونیا حسین نے انسٹا گرام سٹوریز میں برہمی کا اظہار کیا ۔ سونیا حسین نے لکھا کہ وہ اس بات سے افسردہ ہیں کہ ’سراب‘ جیسے معیاری اور سبق آموز ڈرامے کو ایوارڈ کے لیے ایک بھی نامزدگی نہیں ملی۔ اداکارہ نے لکھا کہ ہم لوگ اکثر سماج میں بہتری لانے والے مواد کی تیاری پر زور دیتے ہیں لیکن جب کوئی بڑی محنت اور مشکل سے ایسا ڈرامہ تخلیق کرتا ہے تو اسے کسی بھی ایوارڈ کے لیے نامزد نہیں کیا جاتا۔ سونیا حسین نے سوال کیا کہ کیا یہ دوہرا معیار نہیں ہے کہ ہم اچھا مواد بنانے کی بات تو کرتے ہیں مگر ایسے ڈراموں کو ایوارڈز کے لیے نامزد نہیں کرتے۔
سونیا نے ایک اور انسٹا گرام سٹوری میں لکس سٹائل ایوارڈز کی ٹیم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ ایسے ایوارڈز کے لیے اچھے مواد کو ترجیح دی جاتی ہے یا کمائی کرنے والے ڈراموں کو؟ انہوں نے اپنے متعدد مقبول ڈراموں ’میری گڑیا، عشق زہ نصیب ، نازو اور ایسی ہے تنہائی‘ کا ذکر کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ حیران کن طور پر ان میں سے کسی ایک کو بھی نامزدگی نہیں ملی۔ اداکارہ نے لکھا کہ وہ لکس ایوارڈز نامزدگیوں کے معاملے پر 7 سال سے خاموش تھیں لیکن کیا واقعی انکے ڈراموں میں سے کوئی بھی ایک بھی ایسا نہیں تھا جسے نامزدگی ملتی؟ اانہوں نے لکھا کہ ایسے ملک میں جہاں معروف اداکاروں کو بعد از مرگ ایوارڈز دیئے جاتے ہوں وہاں سوال کرنے والی وہ کون ہوتی ہیں؟
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی شوبز شخصیت نے لکس سٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں پر تنقید کی ہو، ماضی میں بھی لکس سٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں پر اداکار تنقید کرتے رہے ہیں، تاہم نامزدگیاں کرنے والوں کے کانوں پر اس تنقید کے باوجود جوں بھی رینگتی دکھائی نہیں دیتی۔

Back to top button