سپریم کورٹ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی نظر ثانی درخواست منظور

سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی نظر ثانی درخواست منظور کرلی. سپریم کورٹ نے قاضی فائز عیسٰی کی اہلیہ اور بچوں کی جائیدادوں کا معاملہ ایف بی آر کو بھیجنے کا اپنا حکم نامہ تبدیل کر دیا ہے جس کے نتیجے میں ان کے خلاف ہونے والی ایف بی آر کی کارروائی اور رپورٹ کالعدم ہوگئی ہے۔
سپریم کورٹ کے 10 رکنی فل کورٹ بینچ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی نظر ثانی کی درخواست 6، 4 کے اکثریتی فیصلے سے منظور کرتے ہوئے کیس کا مختصر فیصلہ سنایا۔بینچ کے سربراہ جسٹس عمر عطا، جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس قاضی امین نے فیصلے سے اختلاف کیا۔ چھ جج صاحبان جنہوں نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حق میں فیصلہ سنایا ان میں جسٹس مقبول باقر، جسٹس مظہر عالم میاں خیل، جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس امین الدین خان شامل ہیں۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے علاوہ تمام درخواستیں منظور کیں، اس لیے فاضل جج کی اپیل 5، 5 کے تناسب سے برابر رہی۔اکثریتی فیصلے میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ اور ان کے بچوں کی جائیدادوں سے متعلق ایف بی آر سمیت تمام فورمزکی قانونی کارروائی کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایف بی آر کی مرتب کردہ رپورٹ سپریم جوڈیشل کونسل سمیت کسی عدالتی فورم پر چیلنج نہیں ہوسکتی۔
سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسٰی نظرثانی کیس میں تحریری فیصلہ جاری کردیاہے. جسٹس فائز عیسیٰ نظرثانی کی تمام درخواستیں چھ چار کے تناسب سے منظور ہوئیں جبکہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی انفرادی درخواست 5 ججز نے منظور اور 5 نےخارج کی۔
تحریری حکم نامے میں معاملہ ایف بی آر کو بھیجنے کا حکم کالعدم قرار دیا گیا جبکہ ایف بی آر کی تحقیقات بھی کالعدم قرار دی گئیں۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر رپورٹ کی بنیاد پرسپریم جوڈیشل کونسل بھی کارروائی نہیں کرسکتی۔اکثریتی فیصلے کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں تمام نظرثانی اپیلیں منظور کی جاتی ہیں، سپریم کورٹ کا 19جون 2020 کا مختصر فیصلہ خارج کیا جاتا ہے اور سپریم کورٹ کے 19 جون 2020 کے فیصلے کے بعد کی تمام تحقیقات کالعدم قراردی جاتی ہیں۔اکثریتی فیصلے میں ایف بی آر کی تمام رپورٹس، مواد،فیصلہ اوراقدامات قانون کے دائرے سے خارج قرار دیا گیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ایف بی آر کی رپورٹ، مواد، فیصلے یا اقدامات پرسپریم جوڈیشل کونسل یاکوئی ادارہ کارروائی نہیں کرسکتا۔جسٹس عمرعطا بندیال، جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس قاضی محمد امین نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا۔
تحریری حکم میں جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی انفرادی درخواست خارج کی اور جسٹس یحییٰ آفریدی نے دیگر تمام نظرثانی درخواستوں کی حمایت کرتے ہوئے اضافی نوٹ لکھا۔اضافی نوٹ میں جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا ہے کہ 19جون اور23 اکتوبر2020 کےسپریم کورٹ کے فیصلوں پرتحقیقات غیرقانونی ہیں، ایف بی آر کے تمام اقدامات، تحقیقات اور رپورٹس غیرقانونی قرار دی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 10 رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ سنایا، بینچ میں جسٹس مقبول باقر، جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس مظہرعالم خان میاں خیل، جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر شامل تھے۔جسٹس یحیٰی آفریدی، جسٹس قاضی محمد امین اور جسٹس امین الدین خان بھی لارجر بینچ کا حصہ تھے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے 10 رکنی بینچ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی نظر ثانی کی درخواست 6، 4 کے اکثریتی فیصلے سے منظور کرتے ہوئے کیس کا مختصر فیصلہ سنایا تھا۔واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائر عیسیٰ نے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے 19 جون کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست دائر کی تھی۔عدالت نے اپنے حکم میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ کے آف شور اثاثوں کا معاملہ وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) کو بھیجے کا فیصلہ سنایا تھا۔
قبل ازیں جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 10 رکنی بینچ نے جسٹس قاضی فائز عیسٰی نظر ثانی کیس کی سماعت کی۔ وفاقی حکومت کے وکیل ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کیس ایف بی آر کو نہ بھجواتی تو وفاقی حکومت نظر ثانی اپیل دائر کرتی، حکومت کیس ایف بی آر کو بھجوانے کا دفاع کرنے میں حق بجانب ہے، جسٹس قاضی فائز عیسٰی کیس میں عدالتی فیصلے پر عملدرآمد ہو چکا ہے، عملدرآمد کے بعد فیصلہ واپس نہیں لیا جا سکتا، سپریم جوڈیشل کونسل کومواد کا جائزہ لینے سے نہیں روکا جا سکتا اور آرٹیکل 211 کے تحت سپریم جوڈیشل کونسل کی کاروائی چیلنج نہیں ہو سکتی، سپریم کورٹ صرف غیر معمولی حالات میں جوڈیشل کونسل میں مداخلت کر سکتی ہے، عدالت نے مجھ سے تین سوالات کے جواب مانگے تھے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اعتراض اٹھایا کہ عامر رحمان میرے ٹیکس یا فنانشل ایڈوائزر نہیں ہیں، حکومتی وکیل سے ایسا سوال نہیں پوچھنا چاہیے تھا، جان بوجھ کر نیا مواد عدالتی کاروائی کا حصہ بنایا جا رہا ہے، کیا جسٹس عمر عطا بندیال آپ شکایت کنندہ ہیں؟ ایسے سوالات سے آپ کوڈ آف کنڈکٹ اور اپنے حلف کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، جسٹس عمر عطابندیال حکومتی وکیل کے منہ میں الفاظ ڈال رہے ہیں، شاید پھر سے کوشش ہو رہی ہے کہ وقت ضائع کیا جائے، ایف بی آر کی رپورٹ نظر ثانی درخواستوں کے بعد آئی ہے۔
عامر رحمان نے کہا کہ جسٹس فائز عیسی ایف بی آر کارروائی کو بدنیتی قرار دیکر نظر ثانی کی بنیاد بنارہے ہیں، جو دستاویزات نظر ثانی کی بنیاد ہے اس پر دلائل دینا میرا حق ہے، عدالتی سوالات کے جوابات دے رہا ہوں اور کہا جارہا ہے کہ وقت ضائع کر رہا ہوں۔
جسٹس عمر عطابندیال نے ریمارکس دیے کہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی نظر میں ان کی اہلیہ کی دستاویزات کا جائزہ لینا غلط ہے، عدالت کو شاید ایک فریق کو سن کر اٹھ جانا چاہیے۔عامر رحمان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تین سوالات ہی سارے کیس کی بنیاد ہیں، جسٹس فائز عیسی جواب دیں تو تنازع حل ہو سکتا ہے ۔ اس پر جسٹس فائز عیسی نے کہا کہ کیا مجھے ٹیکس کمشنر نے طلب کر رکھا ہے جس پر گفتگو ہورہی ہے، کیا عدالت اِنکم ٹیکس آفیسر ہے؟۔
دوران دلائل جسٹس قاضی فائز عیسی نے ایک بار پھر مداخلت کی تو جسٹس منظور ملک نے ان سے کہا کہ قاضی صاحب آپ کو اردو اور انگلش میں کئی بار سمجھا چکا ہوں، اب لگتا ہے پنجابی میں سمجھانا پڑیگا، قاضی صاحب مہربانی کریں اور بیٹھ جائیں۔
عامر رحمان نے دلائل دیے کہ عدلیہ کی آزادی ججز کے احتساب سے منسلک ہے، ایک جج کے اہلخانہ کی اُف شور جائیدادوں کا کیس سامنے آیا، ریفرنس کالعدم ہو گیا لیکن تنازع اب بھی برقرار ہے، عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ تنازع ختم ہو،سپریم جوڈیشل کونسل اس تنازع کے حل کے لیے متعلقہ فورم ہے۔
دوران سماعت جسٹس فائز عیسٰی نے پھر مداخلت کی جس پر جسٹس منظور ملک نے ٹوکا کہ قاضی صاحب آپ کے بولنے سے عامر رحمان ڈر جاتے ہیں، کیا حکومتی وکیل آپ سے لکھوایا کریں کہ کیا دلائل دینے ہیں کیا نہیں؟
جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے کہا کہ عدالت کو ایک لطیفہ سنانا چاہتا ہوں۔ جسٹس منظور ملک نے انہیں روکا کہ فی الحال بیٹھ جائیں لطیفہ بعد میں سنیں گے،جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ معزز جج اور عدالتی ساکھ کا سوال ہے، ادارے کی ساکھ کا تقاضا ہے کہ اس مسئلے کو حل کیا جائے، جسٹس فائز عیسٰی کہتے ہیں وہ اہلیہ کے اثاثوں کے جوابدہ نہیں۔
اس پر سرینا عیسیٰ نے کہا کہ جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس منیب اختر احتساب کے لیے بہت کوشاں ہیں، دونوں ججز اپنے اور اپنی بیگمات کے اثاثے پبلک کریں۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے 3 سوالات کے جواب دینے سے انکار کیا تھا۔ جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے ان سے کہا کہ میں نے انکار نہیں کیا سوالات پر اعتراض اٹھایا ہے، میرے منہ میں بات ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے۔
جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے کہا کہ مجھے پنجابی میں روکا نہیں گیا اس بات کا گلہ ہے، پنجابی میں کہوں گا تو ونج تے میں آیا۔ جسٹس منظور ملک نے کہا کہ آپ نے پنجابی نہیں سرائیکی بولی ہے۔جسٹس فائز عیسی نے کہا کہ میرا میڈیا ٹرائل کل سے دوبارہ شروع ہو گیا ہے، ہمارے بیوی اور بچے حاضر ہیں، ریٹائرڈ جرنیل کو چھیڑیں گے تو شمالی علاقہ جات کی سیر کرائی جائے گی۔
جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ سپریم کورٹ فارن اکاؤنٹس کیس میں اہم آبزرویشن دے چکی ہے، سات ججز نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی قابل احتساب ہیں، ہم میں سے کوئی اثاثوں کی وضاحت نہیں کرسکے گا تواس کا بھی احتساب ہوگا۔
وفاق کے وکیل عامر رحمان اور جسٹس فائز عیسی نے جواب الجواب مکمل کرلیا اور سرینا عیسی نے بھی جواب الجواب تحریری طورپر جمع کروا دیا۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کی سماعت مکمل ہوگئی اور سپریم کورٹ نے کیس کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس فائز عیسی کی نظر ثانی درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے جسٹس فائز کیس میں نظر ثانی درخواستیں 6-4 کی اکثریت سے منظور کر لیں جس کے نتیجے میں سپریم کورٹ کے حکم کے تناظر میں ہونے والی کارروائی کالعدم قرار دے دی گئی۔
یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائر عیسیٰ نے سپریم کورٹ کے 19 جون کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کی تھی، 19 جون کے عدالتی فیصلے میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی لندن جائیدادوں کا معاملہ ایف بی آر کو بھیجے کا فیصلہ سنایا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button