سیریز منسوخی کا معاملہ آئی سی سی میں اُٹھانے کا فیصلہ

نیوزی لینڈ کی جانب سے یکطرفہ طور پر سیریز منسوخ کرنے کے حوالے سے پی سی بی نے معاملہ آئی سی سی میں اُٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئر مین رمیز راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ آج شائقین اور ہمارے کھلاڑیوں کے لیے بہت افسوسناک دن ہے، سیکورٹی کے خدشات کی بنا پر یکطرفہ فیصلہ بہت مایوس کن ہے ،  نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہ رہا ہے؟اپنے ٹویٹر پر قومی ٹیم کے چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ سیریز کی منسوخی کے بعد نیوزی لینڈ ہمیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں سنے گا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹوئٹر پر لکھا اب سے کچھ دیر قبل وزیر اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب جیسنڈا آرڈرن سے رابطہ کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی میسر ہے اور پی سی بی کے مطابق خود نیوزی لینڈ کی سیکیورٹی نے پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیاں دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے۔ تاہم نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے ازخود احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا ہے کہ انہیں سیکیورٹی کے حوالے سے الرٹ موصول ہوا ہے اس لیے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومتِ پاکستان نے مہمان ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے، ہم نے نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی اور وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی ہم منصب سے رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ ہماری سیکیورٹی انٹیلی جنس دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سیکیورٹی کا خطرہ نہیں ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ نے تصدیق کی کہ کیویز نے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ کے بعد اپنا دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی حکومت کو موصول سیکیورٹی خدشات میں اضافے اور نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی ایڈوائزرز کے مشورے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ دورے کو جاری نہیں رکھیں گے۔ اب ٹیم کی واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ جو تجاویز ہمیں موصول ہوئیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس دورے کو جاری رکھنا ممکن نہیں تھا۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ پی سی بی کے لیے ایک دھچکا ہوگا جو شاندار میزبان رہے ہیں تاہم کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ واحد آپشن ہے۔

Back to top button