سینئرقانون دان فخرالدین جی ابراہیم انتقال کرگئے

سابق اٹارنی جنرل اور چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کراچی میں انتقال کرگئے۔ ان کی نماز جنازہ نور باغ میوہ شاہ قبرستان میں ادا کی جائے گی۔
معروف قانون دان اور سابق چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم ایک عرصے سے شدید علیل تھے اور منگل کو خالق حقیقی سے جا ملے۔ فخر الدین جی ابراہیم معروف قانون دان، آئینی ماہر، سپریم کورٹ کے سینئر ایڈووکیٹ، سابق وزیر قانون، سابق اٹارنی جنرل آف پاکستان، سپریم کورٹ کے سابق جج اور سابق گورنر سندھ کے اہم عہدوں پر فائض رہ چکے تھے۔
فخرالدین جی ابراہیم 2فروری 1928 کو ہندوستان کے شہر گجرات میں ایک لوئر مڈل کلاس فیملی میں پیدا ہوئے اور 1952 میں برطانیہ سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ فخر الدین جج ابراہیم سپریم کورٹ کے جج رہنے کے ساتھ ساتھ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، گورنر سندھ، اٹارنی جنرل اور وفاقی وزیر قانون کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے تھے۔
فخر الدین جی ابراہیم کو14 جولائی 2012ء کوالیکشن کمیشن پاکستان کا سربراہ مقرر کیا گیا اور پاکستان کے عام انتخابات 2013 ان ہی کی سربراہی میں ہوئے۔ تحریک انصاف اور دوسری جماعتوں نے انتخابات میں دھاندلی کی شکایت کی پھر پاکستان کے صدارتی انتخابات 2013ء تنازع کا شکار ہوئے اور پیپلز پارٹی نے سخت تنقید کی جس کے بعد فخر الدین جی ابراہیم نے صدارتی انتخابات کے فوری بعد 31 جولائی 2013ء کو استعفی دے دیا۔
اہم عہدوں پر فائض رہنے والے فخر الدین جی ابراہیم ایک عرصے سے علیلک تھے اور بالآخر 7جنوری کو خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کی نماز جنازہ آج شام 7 بجے کراچی میں ادا کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button