سینئر اداکارہ نادیہ جمیل سے بڑا سہارا چھن گیا

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نادیہ جمیل کے والد جلیل جمیل ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جاملے، اداکارہ کی جانب سے کچھ روز قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر والد کی تصویر کے ساتھ پوسٹ میں مداحوں سے دعائوں کی اپیل کی گئی تھی۔
نادیہ جمیل نے والد کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم اللہ کے ہیں اور اللہ ہی کی طرف لوٹتے ہیں، براہ کرم میرے والد کے آخری سفر کے لیے دعا کریں۔
اس سے قبل انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اداکارہ نے مداحوں کو والد کی طبیعت کی ناسازی کی اطلاع دی تھی اور دعاؤں کی اپیل کی تھی۔انہوں نے اپنے والد کو پہلا استاد، سرپرست، فرشتہ، دوست، شاعر، فلسفی، حسِ مزاح سے بھرپور شخصیت، نرم مزاج، ٹھنڈی طبیعت کے مالک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس وقت ہسپتال میں ہیں۔
انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ فرشتہ صفت انسان ہیں، میرے والد جیسا منفرد اور پیارا شخص نہ کبھی کوئی تھا اور نہ ہوگا۔
نادیہ جمیل نے والد کی سالگرہ کے موقع پر ان کی عادات اور رویے سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ والد نے کبھی انہیں پیسے کی دولت کے پیچھے بھاگنا نہیں سکھایا بلکہ ہمیشہ شدت سے محسوس کرنے والی دولت سے لطف اندوز ہونا سکھایا ہے۔
اداکارہ نے اپنے والد کی سالگرہ کے موقع پر اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر والد کے ہمراہ اپنی کچھ یادگار تصویریں شیئر کی ہیں جن میں ان کے بچپن کی تصاویر بھی شامل ہیں۔
تصاویر کے کیپشن میں نادیہ جمیل نے لکھا کہ میرے خوبصورت ابو کو سالگرہ مبارک ہو جن سے میں نے سورج، چاند، ستاروں سے محبت کرنا سیکھا۔انہوں نے لکھا کہ میرے ابو نے مجھے ہمیشہ سکھایا کہ حالات جیسے بھی ہوں صبر کا دامن نہیں چھوڑنا ہے۔
نادیہ جمیل نے والد کو دلاسہ دیتے ہوئے انسٹا گرام پر یہ بھی لکھا تھا کہ ہم ایک ساتھ مل کر گلوکاری کریں گے، چائے اور کیک رسک کھاتے ہوئے رومی اور ابن عربی کے حوالے سے گفتگو کریں گے، انہوں نے لکھا کہ جلیل جمیل، میں آپ سے بہت محبت کرتی ہوں، آپ ایک حیرت انگیز انسان ہیں اور ایسی شخصیات ہی دنیا کا سرمایہ ہوتی ہیں، آپ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
