سینیٹ الیکشن: پرویز رشید کے کاغذات مسترد کرنے پر جواب طلب

الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن کےلیے (ن) لیگ کے رہنما پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے پر جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ انتخابات میں پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ پرویز رشید کی طرف سے وکیل احسن بھون اور اعظم نذیر تارڑ پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ ریٹرننگ افسر نے سینیٹ انتخابات کےلیے کاغذات نامزدگی نادہندہ ہونےکی بنیاد پر مسترد کیے، ریٹرننگ افسر کے فیصلے میں 96 لاکھ روپے کا نادہندہ ہونا جواز بنایا گیا۔ اس موقع پر پرویز رشید نے مؤقف اپنایا کہ پنجاب ہاؤس سے 2019 میں واجب الادا رقم کا کوئی نوٹس بھی نہیں ملا تھا جب کہ واجب الادا رقم کی ادائی کےلیے ریٹرننگ افسر کو درخواست دی مگر مسترد کردی گئی، ریٹرننگ افسر کو کراس چیک سے رقم ادائی کی بھی یقین دہانی کرائی مگر مؤقف تسلیم نہیں کیا گیا۔ پرویز رشید نے استدعا کی کہ پنجاب ہاؤس کی واجب الادا رقم جمع کرانے اور ریٹرننگ افسر کو درخواستگزار کے کاغذات نامزدگی منظور کرنےکا حکم دیا جائے۔ بعد ازاں الیکشن ٹریبونل نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرکے کل جواب طلب کر لیا۔
