سی ٹی ڈی کی لاہور میں کارروائی ، 3 دہشتگرد ہلاک

صوبائی دارالحکومت لاہور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے تین مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے ، اتوار کو سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کیے گیے بیان کے مطابق لاہور میں دہشت گردی کا ایک منصوبہ ناکام بنایا گیا ہے اور اس دوران تین دہشت گردوں احسان اللہ، نعمت اللہ اور عبدالسلام کو ہلاک کیا گیا۔
- بیان میں کہا گیا کہ مارے جانے والے تینوں مبینہ دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے تھا ، سی ٹی ڈی کے مطابق مبینہ دہشت گرد لاہور کے علاقے فیروز والہ میں گلشنِ بابر آبادی میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔محکمہ انسداد دہشت گردی کے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ مارے جانے والے افراد محرم کے جلوسوں، اہم مذہبی و سیاسی شخصیات اور سکیورٹی محکموں کی حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔‘
خیال رہے کہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں 23 جون کو ایک دھماکے سے تین افراد ہلاک جبکہ 21 زخمی ہوئے تھے۔دھماکے کی تحقیقات کے بعد پاکستان نے اعلیٰ سطح پر اس کے پیچھے انڈیا کے خفیہ ادارے کا ہاتھ بتایا تھا۔پاکستان میں حکام نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کے مقامی سہولت کاروں کو گرفتار کرنے کے بعد پڑوسی ملک کے ملوث ہونے کا ثبوت ملا۔
