کرکٹر شاہین شاہ آفریدی اور شاہدآفرید ی کی بیٹی انشاء کا نکاح ہوگیا

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سابق کپتان شاہد آفریدی کی چھوٹی صاحبزادی انشاء آفریدی کیساتھ نکاح کے بندھن میں بندھ گئے۔
شاہین شاہ آفریدی اورانشاء آفریدی کا نکاح ڈی ایچ اے کراچی کی مقامی مسجد میں انجام پایا جس میں قریبی رشتے دار شریک ہوئے۔ پاکستانی پیسر اپنے بڑے بھائی ریاض آفریدی کے ہمراہ نکاح کے لیے پہنچے۔شاہین شاہ آفریدی اپنے نکاح کی تقریب میں شرکت کے لیے اہل خانہ کے ہمراہ دو روز قبل کراچی پہنچے تھے۔
نکاح کی تقریب کے بعد دلہا کی جانب سے مہمانوں کے لیے نجی ہوٹل میں عصرانے کا انتظام کیا گیا، جس میں قومی کپتان بابر اعظم، سابق ٹیسٹ کپتان معین خان، محمد حفیظ، سرفراز احمد، نسیم شاہ آل راونڈر شاداب خان، سابق عالمی اسکواش چیمپئین جہانگیر خان و دیگر نے بھی شرکت کی۔
دوسری جانب نکاح کی خوشی میں شاہد آفریدی کی جانب سے جمعہ کی شب مقامی کلب میں عشائیہ دیا جائے گا جس میں انکے عزیز و اقارب کے علاوہ قومی کرکٹرز اور دیگر شخصیات بھی شریک ہوں گی۔انشاء آفریدی کی رخصتی انکی تعلیم مکمل ہونے کے بعد عمل میں آئے گی، واضح رہے کہ شاہد خان آفریدی کی بڑی صاحبزادی اقصا کی شادی گزشتہ ماہ نصیر ناصر خان سے انجام پائی تھی۔
دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کے نکاح پر ملکی اور غیرملکی کھلاڑیوں کی جانب سے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔افغان اسپنر راشد خان نے کہا کہ شاہین آفریدی آپ کو نکاح کی بہت بہت مبارک ہو جبکہ جنوبی افریقی آلرآؤنڈر ڈیوڈ ویسا نے شاہین شاہ کو سکھی زندگی گزارنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’شاہین یاد رکھنا! بیگم سکھی تو زندگی سکھی۔
حارث رؤف نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ نکاح میں شرکت نہیں کرسکا، پی ایس ایل میں جشن منائیں گے۔ فخر زمان نے کہا کہ شاہین ایسے ہی پاکستان کا نام روشن کرتے رہو۔آسٹریلوی بلے باز بین ڈنک نے شاہین شاہ کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انگلینڈ کے کھلاڑی جوئے ڈینلی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’شادی کی بہت بہت مبارکباد۔
انگلینڈ کے کھلاڑی ٹام ایبل نے شاہین شاہ کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’شادی مبارک شاہین، آپ کی اہلیہ بہت خوش قسمت ہیں‘۔ زمبابوے کے اسٹار کھلاڑی سکندر رضا نے کہا کہ شاہین اور ان کی اہلیہ کے لیے نیک تمنائیں۔ کامران غلام نے کہا کہ ’اللہ شاہین کو کامیاب کرے۔
