شاہ رخ خان کی جیل میں بیٹے سے ملاقات

بولی وڈ کنگ کہلائے جانے والے اداکار شاہ رخ خان نے منشیات کیس میں گرفتار اپنے بیٹے آریان خان کی ضمانت 2 مرتبہ مسترد ہونے کے بعد ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں بیٹے سے ملاقات کی ۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان نے جیل کے ملاقاتیوں کے سیکشن میں آریان خان سے 16 سے 18 منٹ تک ملاقات کی .
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران آرین خان جذباتی نظر آئے۔

علاوہ ازیں انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ممبئی منشیات کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے گرفتاری کے بعد یہ آریان کی اپنے خاندان کے افراد سے پہلی ملاقات تھی۔

جیل ذرائع کے مطابق شاہ رخ خان کو کوئی خصوصی پروٹوکول نہیں دیا گیا—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
تاہم جب شاہ رخ خان ملاقات کے لیے آئے تو سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے اس جگہ کو خالی کرایا گیا تھا۔

قیدیوں کو شیشے کی دیوار سے ملاقاتی سیکشن میں آنے والوں سے الگ کیا جاتا ہے اور وہ بات چیت کے لیے صرف انٹرکام سروسز کا استعمال کر سکتے ہیں۔

جیل ذرائع کے مطابق شاہ رخ خان کو کوئی خصوصی پروٹوکول نہیں دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آریان اور شاہ رخ خان کے درمیان ایک گرل اور شیشے کی دیوار موجود تھی، شیشے کی دیوار کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ موجود ہے۔

ملاقات کے دوران جیل کے لگ بھگ 5 گارڈز بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جیل میں ملاقاتوں پر پابندی تھی اور گزشتہ روز ان پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کا اطلاق آج سے ہوا۔

آریان خان کے اکتوبر کے آغاز میں گرفتار کیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک/ پریس ٹرسٹ آف انڈیا
اس سے قبل ایک برس سے زائد عرصے تک اہلخانہ سے رابطے کے لیے صرف ویڈیو کالنگ کی اجازت دی گئی تھی۔

رواں ماہ کے آغاز میں گرفتار ہونے والے آریان خان ساتھیوں سمیت اس وقت 14 دن کے ریمانڈ پر جیل میں ہیں اور انہیں جیل میں 14 دن گزر چکے ہیں۔

شاہ رخ خان کے بیٹے کو ساتھیوں سمیت ممبئی کے ساحل سمندر پر ایک کروز شپ سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر الزام ہے کہ وہ ساتھیوں سمیت مذکورہ کروز میں ڈرگ پارٹی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

انہیں انسداد منشیات فورس یعنی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے دوستوں ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سمیت کروز پارٹی سے گرفتار کیا تھا۔

Back to top button