شاہ رخ خان کی متنازعہ فلم پٹھان کا ایک اور گانا ہٹ ہو گیا

شاہ رخ خان کی فلم پٹھان میں ‘بے شرم رنگ’ گانے کی وجہ سے ہندو انتہا پسندوں کی تنقید کی زد میں آنے والے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم کے ایک اور گانے ’’جھومے جو پٹھان‘‘ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے اور وہ ریلیز ہوتے ہی وائرل ہوگیا ہے۔ ’پٹھان‘ کو آئندہ ماہ جنوری میں بھارت کے یوم جمہوریہ پر ریلیز کیا جائے گا، تاہم وہاں کے ہندو انتہاپسندوں نے اسکے خلاف احتجاج شروع کر رکھا ہے جس کی بنیادی وجہ دیپکا پڈوکون پر فلمایا جانے والا گانا ’بے شرم رنگ‘ ہے۔ اس گانے کو 12 دسمبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے اب تک 10 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، بے شرم رنگ‘ کی ریلیز پر بھارت کے ہندوؤں نے احتجاج کرتے ہوئے شاہ رخ کو زندہ جلانے کی دھمکی بھی دی تھی۔ انتہاپسند ہندوؤں کے مطابق ’بے شرم رنگ‘ میں دپیکا نے ہندوؤں کے لیے مقدس سمجھے جانے والے زعفرانی رنگ کا لباس پہن کر نیم عریاں رقص کیا ہے جس سے انکے پوتر رنگ کی توہین ہوئی ہے۔
انتہاپسندوں نے ’بے شرم رنگ‘ کو جواز بنا کر شاہ رخ خان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کی فلم کے خلاف بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلایا اور دھمکی دی کہ اگر فلم کو ریلیز کیا گیا تو ملک بھر میں مظاہرے شروع کیے جائیں گے۔ ہندوؤں کے احتجاج کے باوجود فلم کی ٹیم نے ’پٹھان‘ کو مقررہ وقت پر ریلیز کرنے کا اعادہ کیا ہے اور اب اس کے دوسرے گانے کو ریلیز کردیا گیا، جھومے جو پٹھان‘ میں بھی دپیکا پڈوکون کو نیم عریاں لباس میں رقص کرتے دکھایا گیا ہے، تاہم اس بار انہیں گانے میں زعفرانی رنگ کے بجائے ہرے رنگ کا لباس پہنایا گیا ہے۔
’جھومے جو پٹھان‘ میں دپیکا پڈوکون اور شاہ رخ خان کو رومانوی انداز میں رقص کرتے دکھایا گیا اور شائقین نے ان کے ڈانس کو پسند کیا یے۔ اس گانے کی موسیقی کو پارٹی طرز کے گانوں کی طرح قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی نئی فلم اپنے متنازعہ گانے ’’بے شرم رنگ‘‘ کی وجہ سے اس وقت بھارتی ناقدین کے نشانے پر ہے، تنقید کا سلسلہ اس قدر بڑھ گیا ہے کہ اب بھارتی ایوانوں سے بھی فلم کیخلاف آواز بلند ہونے لگی ہے جبکہ ایک جنونی پنڈت نے تو شاہ رخ کو زندہ جلانے کی دھمکی دے ڈالی ہے۔
