شاہ رخ کے بیٹے آریان کے ریمانڈ میں 30 اکتوبر تک توسیع

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات استعمال کرنے کے کیس کے ریمانڈ میں 30 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے ، عدالت کی جانب سے ریمانڈ میں‌ بھی 9 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔

آریان خان سمیت دیگر 8 ملزموں کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا نہ ہی ویڈیو کال کے ذریعے ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ عدالت نے ریمانڈ مکمل ہونے پر تمام ملزموں کو 30 اکتوبر تک عدالتی تحویل میں‌ رکھنے کا حکم دیا۔

نومبر کے آغاز میں عدالتی چھٹیاں ہونے کی وجہ سے آریان خان سمیت دیگر ملزمان کے ریمانڈ میں 9 دن کا اضافہ کیا گیا ہے۔آریان خان کو 7 اکتوبر کو عدالتی ریمانڈ پر ممبئی کے آرتھر جیل منتقل کیا گیا تھا اور ان کی ضمانت کی درخواستیں میٹروپولیٹن اور سیشن کورٹ کی جانب سے مسترد کر دی گئی تھیں۔

اب آریان خان نے ضمانت کے لیے ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے جس پر 26 اکتوبر کو سماعت ہونے کا امکان ہے۔

Back to top button