شاہ محمود قریشی کی امریکی مشیر قومی سلامتی سے اہم ملاقات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کہ وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس پاکستان اور امریکا کے درمیان دیر پا اور وسیع البنیاد مشترکہ نقطہ نظر بیان کیا تھا، تاہم دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی اور امریکی مشیر قومی سلامتی نے باہمی تعلقات اور مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کو درپیش چیلنجز سے متعلق گفتگو کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس پاکستان اور امریکا کے درمیان دیر پا اور وسیع البنیاد مشترکہ نقطہ نظر بیان کیا تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وژن کو سمجھنے کے لیے دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کلیدی حیثیت رکھتے تھے۔وزیر خارجہ نے امریکی مشیر قومی سلامتی کو مشرق وسطیٰ اور خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے برائن او رابرٹ کو خلیجی خطے میں اپنی سفارتی ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا اور تناؤ کم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کے ان تحفظات سے آگاہ کیا کہ مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام ہمسایہ ممالک اور عالمی معیشت پر اثر انداز ہوگی ۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے خطے کے امن کے لیے کردار ادا کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے امریکی مشیر قومی سلامتی کو بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں بریف کیا جس کی صورتحال اگست 2019 میں کرفیو کے نفاذ کے بعد مزید بگڑ چکی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جموں کشمیر کے حوالے سے ثالثی کی پیشکش کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا کو بھارت پر مقبوضہ وادی کا لاک ڈاؤن ختم کرنے، لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی سے باز رکھنے، کشمیر میں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے اور کشمیروں کو استصواب رائے کا حق دینے کے لیے پر زور دینا چاہیئے۔ وزیر خارجہ نے افغانستان میں امن و مفاہمت کے لیے پاکستان کی حمایت کو دہرایا۔
اس موقع پر امریکی مشیر قومی سلامتی رابرٹ او برائن نے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔اس کے علاوہ انہوں نے افغانستان کے پر امن سیاسی حل کی حصول کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر امریکا کا دورہ کر رہے ہیں۔اس سے قبل شاہ محمود قریشی سعودی عرب اور ایران کا دورہ کرچکے ہیں جس میں دونوں ممالک کی قیادت سے تحمل سے کام لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
وزیر کارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوامِ متحدہ کے رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کشمیر کے حوالے سے پاکستانی موقف کو دہرایا اور بتایا کہ کشمیر کی صورتحال خطے میں کسی بڑے تنازع کا سبب بن سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button