شرمین عبید چنائے ہالی ووڈ فلم ’’سٹار وارز‘‘ کو ڈائریکٹ کرینگی

فلمی دنیا میں آسکر اور ایمی ایوارڈز حاصل کرنے والی پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے اب ہالی ووڈ میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گی، اور نئی ہالی ووڈ فلم ’’سٹار وارز‘‘ میں ہدایات دیں گی۔ یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جبکہ حال ہی میں اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ شرمین عبید چنائے اداکار ول سمتھ کی پروڈیوس کردہ سائنس فکشن فلم ’بریلینس’ (Brilliance) کی ہدایات دیں گی۔ اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ پاکستانی خاتون فلم ساز شہرہ آفاق فلم سیریز ’’سٹار وارز‘‘ کی آنے والی دسویں فلم کی ہدایات بھی دیں گی۔

مارول سٹوڈیو کے ذیلی سٹوڈیو لوکاس فلمز کی جانب سے شہرہ آفاق سیریز ’’سٹار وارز‘‘ کی اگلی فلم بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں، رپورٹ میں بتایا گیا کہ آنے والی دسویں فلم کیلئے ڈیمن لنڈلوف کی شریک لکھاری کے طور پر خدمات حاصل کر لی گئیں جبکہ دوسرے شریک لکھاری سے متعلق کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔ رپورٹ میں مختلف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ فلم کے لیے پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے کو بطور ہدایت کار شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے، تاہم اس کی تصدیق نہیں کی گئی، فلم کے شریک لکھاری ڈیمن لنڈلوف چاہتے ہیں کہ شرمین عبید چنائے جیسے ہی کسی ہدایت کار کی خدمات حاصل کی جائیں جوکہ فلم کو نئی جہتوں کے مطابق بنائے، ابھی سٹار وارز کی اگلی فلم کی تیاریاں ابتدائی مراحل میں ہیں، چوںکہ تاحال اس کی کہانی بھی نہیں لکھی گئی۔

رپورٹ کے مطابق جلد ہی اس حوالے سے تصدیق کر دی جائے گی کہ سٹار وارز کی دسویں فلم کو کب ریلیز کیا جائے گا اور اس کی کہانی کون لکھیں گے اور ساتھ ہی اس کے ہدایت کار کی بھی تصدیق کر دی جائے گی اگر سٹار وارز میں شرمین عبید چنائے کی بطور ہدایت کار تصدیق کر دی جاتی ہے تو یہ ان کا ہالی ووڈ کا سب سے بڑا پروجیکٹ ہوگا، کیونکہ سٹار وارز سیریز دنیا بھر میں منفرد شہرت رکھتی ہے۔
علاوہ ازیں شرمین عبید چنائے کی یہ تیسرا ہالی وڈ منصوبہ ہوگا، اس سے قبل فلم ساز نے رواں برس ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’’مس مارول‘‘ کی ہدایات دی تھیں، جس کے بعد جلد ہی وہ ایک سائنس فکشن فلم ’’بریلینس‘‘ (Brilliance) کی ہدایات دیں گی اور سٹار وارز ان کا تیسرا منصوبہ ہوگا۔

Back to top button