پاکستان کیخلاف جیت پر انوشکا نے کوہلی کو کیا کہا؟

کرکٹ میچز میں ہار جیت تو چلتی رہتی ہے لیکن جب میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو تو یہ جنگ کی سی صورت اختیار کر جاتا ہے، ورلڈ ٹی ٹوئٹنی میں پاکستان کیخلاف میچ میں ویرات کوہلی کی فاتحانہ اننگز پر جہاں پوری قوم شکر گزار ہے وہیں ان کی اہلیہ بھی حوصلہ افزائی میں پیچھے نہیں رہیں۔ سنسنی خیز مقابلے میں جہاں بہت چیزیں دیکھنے میں آئیں وہیں انڈین سٹار بیٹر وراٹ کوہلی کی 53 گیندوں پر 82 رنز کی میچ وننگ اننگز نے سب کے دل جیت لیے۔ اسی سلسلے میں ویرات کوہلی کی اہلیہ اور بالی وُڈ سپر سٹار انوشکا شرما کی جانب سے ویرات کوہلی کے لیے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر خوشی اور جذبات سے بھرپور پوسٹ کی گئی۔ انوشکا شرما لکھتی ہیں کہ آپ بہترین، آپ بہت ہی بہترین، آپ نے دیوالی کی شام کو لوگوں کی زندگی میں بہت سی خوشیاں بکھیر دی ہیں، میرے پیارے کوہلی، آپ بہت بہت دلکش ہیں، آپ کا عزم، خود اعتمادی، ثابت قدمی اور یقین دماغ کو سن کر دینے والا ہے۔
انوشکا شرما نے لکھا کہ ’میں نے اپنی زندگی کا بہترین میچ آج دیکھا ہے۔ ہماری بیٹی ابھی چھوٹی ہے، اسے سمجھ نہیں آ رہی کہ اس کی والدہ کمرے میں کیوں ناچ رہی ہیں اور چلا رہی ہیں، لیکن ایک دن اسے ضرور پتا چلے گا کہ ان کے والد نے سب سے اچھی اننگز تب کھیلی جب وہ برے وقت سے گزر ریے تھے، ہمیں آپ پر فخر ہے، آپ کی ہمت بے مثال ہے اور آپ لا محدود ہو۔ انوشکا کی تحریر کے جواب میں کوہلی نے لکھا کہ میرے ساتھ ہر وقت اور ہر لمحے رہنے کا بہت شکریہ میری پیاری انوشکا، میں بہت شکر گزار ہوں اور آپ سے بہت پیار کرتا ہوں۔ یہ کوئی پہلی مرتبہ نہیں کہ انوشکا شرما نے مشکل وقت میں کوہلی کی ہمت بندھائی ہو۔اس سے پہلے ستمبر میں یو اے ای میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے دوران افغانستان کے خلاف جب کوہلی نے تقریبا تین سال بعد کسی انٹرنیشنل میچ میں سنچری بنائی تھی تو تب بھی انوشکا شرما نے وراٹ کوہلی کو خراج تحسین پیش کیا تھا، وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما نے 11 دسمبر 2017 کو شادی کی تھی جس کے بعد ان کی پہلی بیٹی ومیکا کی پیدائش ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ میلبرن میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے اہم ترین میچ میں انڈیا نے پاکستان کو چار وکٹوں سے ہرا دیا ہے، پاکستان کی جانب سے دیے گئے 160 رنز کے ہدف کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد انڈیا نے میچ کی آخری گیند پر حاصل کر لیا تھا۔
