ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کو زمبابوے کے ہاتھوں 1رنز سے شکست

ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد زمبابوے نے پاکستان کو ایک رنز سے شکست دے دی۔
پرتھ میں کھیلے جارہےآئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں میچ میں پاکستانی باؤلرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 130 رنز تک محدود کردیا۔
زمبابوے کی جانب سے مدھویرے 17، کریگ ارون 19، ملٹن شمبا 8، شان ولیمز 31، سکندر رضا 9، ریگیس چکابوا 0، ریان برل 10 ، لیوک جونگوے 0، بریڈ ایونز 19 رنز بنائے جب کہ کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا اور مقررہ بیس اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے بابراعظم اور محمد رضوان نے اوپننگ کی۔ بابراعظم نو گیندیں کھیلنے کے بعد محض چار رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے پھر 23 کے مجموعی اسکور پر وکٹ کیپر محمد رضوان 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے، بعد ازاں 36 رنز پر افتخار احمد کی اننگز اختتام پذیر ہوئی۔
اس کے بعد شان مسعود اور شاداب خان نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 88 تک پہنچایا تو شاداب 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پھر حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور شان مسعود 94 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، یوں پاکستان کو چھٹے نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا،آخری اوور کی چوتھی بال پر جب پاکستان کو دو گیندوں پر تین رنز دکار تھے تو محمد نواز نے باؤنڈری لگانے کے چکر میں اونچا شاٹ کھیلا اور 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کو آخری گیند پر تین رنز درکار تھے تو شاہین آفریدی دوسرے رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوئے، یوں پاکستان کو سسنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
زمبابوے نےپاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور آصف علی کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے،قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں نائب کپتان شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد اور حیدر علی شامل ہیں ،اس کے علاوہ محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب زمبابوے کرکٹ ٹیم کی قیادت کریگ ارون کر رہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں ویسلی مدھویرے، کریگ ارون، ملٹن شمبا، شان ولیمز، سکندر رضا، ریگیس چکابوا، ریان برل، لیوک جونگوے، بریڈ ایونز، رچرڈ نگروا، مضاربانی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو بھارت نے انتہائی سنسی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، جب کہ زمبابوے کا جنوبی افریقہ سے سپر 12 مرحلے میں ہونے والا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔
