شمالی کوریا نے مشرقی سمندرمیں دومزید بیلسٹک میزائل فائرکردیئے

شمالی کوریا نے بحیرہ جاپان پر مختصر فاصلے تک مار کرنے والے دو بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں، اور اس نے کہا ہے کہ اسے یقین ہے کہ پیونگ یانگ جوہری تجربہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
ڈی ڈبلیو کی رپورٹ کے مطابق رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے 28 اکتوبر جمعے کے روز بتایا کہ شمالی کوریا نے ایک تازہ واقعے میں اپنے مشرقی سمندر کی جانب سے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے دو بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں، میزائل لانچ کا یہ تازہ واقعہ پیونگ یانگ اور سیول کے درمیان مغربی ساحل پر فائر کیے جانے والے انتباہی شاٹس کے محض چار دن بعد پیش آیا ہے، جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان زبردست عسکری کشیدگی پائی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جمعے کے روز گینگون کے ٹونگچون علاقے سے فائر کیے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کا پتہ لگایا ہے۔اس کے مطابق یہ میزائل شمال مشرقی ساحل پر واقع صوبے سے داغے گئے،جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے ایک بیان میں کہاہماری فوج نے نگرانی اور دیکھ بھال میں اضافہ کر دیا ہے اور امریکہ کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ساتھ ہی اپنی تیاری کی پوزیشن کو پوری طرح سے برقرار رکھا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا حالیہ ہفتوں میں متعدد ہتھیاروں کے تجربات کرتا رہا ہے اور جمعے کا یہ تجربہ اسی کڑی کا ایک تازہ ترین واقعہ ہے۔ یہ تجربہ جنوبی کوریا کی سالانہ 12 روزہ ”ہوگوک” فوجی مشقوں کے آخری دن کیا گیا۔ اس برس اس فوجی مشق میں امریکہ کے بھی غیر معینہ تعداد میں فوجی شامل تھے۔
