شنگھائی تعاون تنظیم فلسطین کےلیے آواز اٹھائے، اسرائیل نے غزہ میں ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں، شہباز شریف

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایس سی او فلسطین کی صورت حال پر آواز اٹھائے، اسرائیل نے غزہ میں ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی پر زور مذمت کرتا ہے، اسلامو فوبیا کے خاتمے کےلیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کے تحت ترقی وخوش حالی کےلیے کردار ادا کرتا رہےگا، امن و سلامتی کے قیام اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کےلیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ایس سی او فلسطین کی صورت حال پر آواز اٹھائے، اسرائیل نے غزہ میں ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں، فلسطین میں 37 ہزار کے قریب لوگوں کو شہید کیا جا چکا ہے شہداء میں زیادہ تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے،
وزیر اعظم پاکستان نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے 20 لاکھ فلسطینیوں کو بے گھر کیا گیا، پاکستان فلسطین کے مسئلے کا 1967 سے پہلےکی سرحدوں کی طرز پر دو ریاستی حل کا حامی ہے، جس کے تحت فلسطینی ریاست کا قیام ہو اور جس کا دار الحکومت القدس ہو۔
